قیام عدل کے تقاضے ، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں

قیام عدل کے تقاضے ، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں
تفصیل

مورخہ 17 نومبر 2022ء بروز جمعرات ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ لاہور کے اشتراک سے تحصیل یزمان منڈی بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بار ہال میں "قیام عدل کے تقاضے ، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں" کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مفتی سعید الرحمٰن (سرپرست ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ(ٹرسٹ) لاہور) تھے۔  صدارت جناب ظفر اقبال چوہدری ایڈووکیٹ (صدر یزمان بار) نے کی۔ مہمان اعزازی چوہدری محمد اکرم گِل (جنرل سیکرٹری یزمان بار) تھے۔ ناظم تقریب کے فرائض ادارہ کے مقامی نمائندہ جناب محمد خورشید نے انجام دئیے۔ سیمینار میں وکلاء کی کثیر تعداد کے علاوہ مقامی طلبہ نے بھی شرکت کی ۔
 مہمان خصوصی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا،" ہمارے ہاں سیرت کے حوالے سے منعقد کئے جانے والے پروگرامات میں نعت خوانی اور رسمی تقاریر صرف اس پہلو کا احاطہ کرتی ہیں جس میں آپﷺ کی مدح سرائی ہوتی ہے ، سوال یہ ہے کہ سیرت کے انسانوں کے لئے اسوہ حسنہ کے پہلو پر گفتگو کیوں نہیں کی جاتی۔ جس کا تعلق سماج کے مسائل کے حل سے ہے۔ ہمارے ہاں بڑی غلط فہمی یہ پیدا کی گئی کہ 'دنیا کافروں کے لئے اور آخرت مسلمانوں کے لئے ہے' یہ تصور سیرت کے بنیادی پیغام کے بالکل برعکس ہے۔  حالانکہ جن حالات میں نبیﷺ عرب میں مبعوث ہوئے آپ نے وہاں معاشرے میں سماج، سیاست اور معیشت بدل دی۔ اس کے لئے آپ ﷺ نے سب سے پہلے جماعتِ صحابہ تیار کی اور ان کے ذریعہ سماج میں بنیادی تبدیلی پیدا کی۔ سیرت کے  سماجی پہلو سے راہنمائی نہ لینے کا نتیجہ ہے کہ ہم آزادی لے کر بھی آزاد نہیں ہو پائے ، ہم اپنا قومی نظام نہیں بنا پائے ، آج بھی انگریز کے نظام کو سینے سے لگائے پھرتے ہیں اور اس کے نظام پر ملک چلا رہے ہیں ، اسی کا نتیجہ ہے کہ ہماری عدالتوں میں مقدمے ختم ہونے کی بجائے بڑھتے جا رہے ہیں ، انتظامیہ اور بیورو کریسی عوامی مسائل میں اضافہ کا باعث بن رہی ہے اور سیاست میں ظالم اور جابر سرمایہ دار قابض ہے۔"
مزید راہنمائی کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ،" آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب اپنے اپنے شعبے کے لحاظ سے سیرت کا مطالعہ کرکے اجتماعی کردار ادا کریں تاکہ معاشرے سے ناانصافی کا خاتمہ ہو اور عدل کا قیام ہو ۔ عدل سے مراد ہر چیز کو اس کا جائز حق دینا ہوتا ہے۔ مسلمانوں کی تو عدل کی شاندار اور طویل تاریخ ہے چنانچہ ایک وقت میں جب عیسائی اور یہودی آپس میں لڑ رہے تھے اور یہودی مظلوم تھے تو خلافت عثمانیہ نے مظلوم کا ساتھ دیا اور انہیں اپنے علاقہ میں پناہ دی چنانچہ آج بھی استنبول میں یہودیوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔ امت مسلمہ کا فرض منصبی تو دنیا کو بلا تفریق رنگ نسل مذہب عدل فراہم کرنا تھا لیکن آج ہم فرقوں میں بٹ گئے۔"
اس تقریب میں چوہدری بشارت علی رندھاوا (ضلعی چیئرمین بیت المال) اور چودھری اخلاق احمد گل (سیاسی و سماجی شخصیت ) ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ کے ریجنل نمائندگان ڈاکٹر منصور احمد عباسی اور جناب فیصل راؤ  نے بطورِ خاص شرکت کی۔ پروگرام کے آخر میں یزمان بار کے صدر نے تمام مہمانوں اور ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمٰن صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبیﷺ پر اس انداز کی گفتگو سننے کا میرا پہلا اتفاق ہے۔
قبل ازیں ڈاکٹر مفتی سعید الرحمن نے جناب اسجد شاھد ایڈووکیٹ کے لا چیمبر کا افتتاح کیا اور تقریب میں شرکت کی۔ 
رپورٹ : محمد خورشید۔ یزمان منڈی (ضلع بہاولپور)

مقام
یزمان منڈی ضلع بہاولپور
تاریخ اور وقت
نومبر 17, 2022 @ 12:00شام