ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ لاہور کے مرکزی کیمپس میں عید ملن تقریب

ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ لاہور کے مرکزی کیمپس میں عید ملن تقریب
Description

تاریخ  ۔۔۔۔ یکم مئی 2023 بروز سوموار 
وقت ۔۔۔۔۔ 10 بجے دن 
موضوع ۔۔۔۔ انتظامی امور کی انجام دہی میں مطلوبہ رویے اور ٹیم ورک کی اہمیت
یکم مئی 2023 بروز سوموار کو ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ لاہور کے مرکزی کیمپس لاہور میں لاہور شرقی ریجن اور غربی ریجن کے زیر اہتمام عیدالفطر کی مناسبت سے عید ملن کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کی  صدارت شہزاد احمد شاہ (صوبائی کوۤرڈینیٹر صوبہ پنجاب) نے کی جب کہ ناظم اجلاس کے فرائض ڈاکٹررشید احمد چودھری (صوبائی ڈپٹی کوآرڈینیٹر) نے سر انجام دیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ لاہور و مسند نشیں خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور حضرت اقدس مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری تھے۔

تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ حمزہ ریاض نے حاصل کی ۔ جناب نوید ثاقب نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔مہمان خصوصی نے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ، "آج محنت کشوں کا عالمی دن ہے ۔ جس طرح ایک مزدور نظام معیشت میں حقیقی عامل پیدائش ہے جو قدرتی خام مال میں افادیت پیدا کرتا ہے۔ اسی طرح امت محمدیہ پر بھی دین ابراہیمی کو غالب کرنے کی ذمہ داری ڈالی گئی ہے مگراس مزدوری کا اجر دنیا میں نہیں بلکہ آخرت میں اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کا حصول ہے۔ جس طرح مادہ پرست ملت (طبیعین) اور ستارہ پرست ملت (نجامین) اپنے نظاموں کے غلبہ کے لیے کوشش کرتے ہیں اسی طرح ملت حنیفی (ابراہیمی) کے ماننے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکوتی نظام کی روشنی میں عادلانہ سماجی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد اور کوشش کریں۔ جماعت صحابہ رضوان اللہ علیہم اعلیٰ ترین تنظیمی رویوں کی حامل جماعت تھی جس کا ایک مثالی مظاہرہ غزوہ بدر میں مشاورت، نظم و ضبط ، ہدف پر نظر، جوش کی بجائے ہوش سے کام لینے کی صورت میں کیا۔ بطور انتظامی ذمہ دار ہماری پہلی ذمہ داری حق و باطل میں امتیاز کی صلاحیت پیدا کرنا ہے ، جس کے لیے ہمیں دین حق کے نظریہ پر رسوخ حاصل کرنا ہے۔ دوسری ذمہ داری معروضی حقائق کی روشنی میں رائے سازی کی صلاحیت کی تربیت کا حصول ہے۔ کیونکہ جس کی اپنی سوچی سمجھی رائے نہیں وہ آزاد نہیں غلام ہے۔ لہذا ہمیں اپنی ذمہ داریوں کے دائرہ کار، اہداف اور طریقہ کار کا علم ہونا چاہئیے۔ حضرت شاہ سعید احمد رائے پوریؒ نے ادارہ و تنظیم دو مقاصد کے حصول کے لیے قائم کئے ۔ سچے نظریہ اور فکر کا شعور حاصل کرنا اور اپنے اندر صالح تنظیمی اور اجتماعی رویوں کا رسوخ پیدا کرنا ۔" 
مہمانِ خصوصی کی راہنمائی کے بعد لاہور ایسٹ ریجن کے صدر عرفان یونس بٹ اور لاہور ویسٹ ریجن کے صدر ڈاکٹر آصف نوید نے نئی ادارہ جاتی انتظامی تشکیلات اور ذمہ داریوں سے حاضرین کوآگاہ کیا۔ جس کے بعد حضرت اقدس نے ادارہ کے تمام ریجنل ذمہ داران سے حلف لیا اور مبارک باد دی ۔ تقریب کا اختتام حضرت اقدس کے دعائیہ کلمات سے ہوا ۔ نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد شرکاء کے لیے ظہرانہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ 
تقریب میں مرکزی ناظم مالیات ادارہ رحیمیہ ڈاکٹر عبدالرحمن راؤ، مرکزی نائب ناظمین انجینیئر عامر افتخار اور  مولانا محمد جمیل کے علاوہ لاہور ریجنز کی نئی انتظامیہ اور علوم قرآنیہ کورس 3 کے شرکاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
رپورٹ : فرحان علی (لاہور ویسٹ ریجن)

Venue
Rahimia institute of quranic sciences Lahore
Date & Time
May 01, 2023 @ 10:00AM