
Description
رحیمیہ انسٹی ٹیوٹ آف قرآنک سائنسز (ٹرسٹ) لاہور کے زیر اہتمام وی کیئر شادی ہال مکلی - ٹھٹہ میں 11 فروری 2025ء بروز منگل ایک پر وقار دعوتی سیمینار بعنوان "پاکستان میں عدم استحکام کے اسباب اور ہماری ذمہ داریاں" منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی حضرت اقدس شاہ مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ (ناظم اعلیٰ ادارہ رحیمیہ) اور مہمانانِ اعزازی حضرت مفتی محمد مختار حسن (صدر انتظامیہ ادارہ رحیمیہ) اور جناب بشارت علی جوکھیو تھے۔
سیمینار میں صحافی حضرات، پروفیسرز اور نوجوان اسکالرز نے شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت جناب پیار علی جوکھیو نے کی، جب کہ نظامت کے فرائض جناب لعل بخش گدارو نے انجام دیے۔
تقریب کا آغاز اشفاق حسین (کوآرڈینیٹر بھنبھور ڈویژن) نے قرآنِ حکیم کی تلاوت سے کیا۔
ادارہ رحیمیہ کی تاریخ ،اغراض و مقاصد اور تعارف بیان کرتے ہوئے سیمینار کے مہمانِ اعزازی مفتی محمد مختار حسن (صدر انتظامیہ ادارہ رحیمیہ) نے فرمایا کہ،" ادارہ رحیمیہ ملک بھر میں پھیلے ہوئے اپنے مختلف ریجنل کیمپسز کے ذریعےہر طرح کی فرقہ واریت اور تقسیم سے بالاتر ہوکر نوجوانوں میں دینِ اسلام کی تعلیمات کا شعور بیدارکررہا ہے۔"
اس کے بعد سیمینار کے موضوع پرخطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ نے فرمایا کہ '' کسی بھی معاشرے کے استحکام کے لیے چار بنیادی امور کا ہونا ضروری ہے۔
- حریت و آزادی پر مبنی نظریہ
- امن و امان کی بہتر صورتحال
- معاشی ومعاشرتی خُوش حالی
- عدل و انصاف کا مضبوط نظام
حضرت اقدس نے مزید فرمایا کہ ''جب برعظیم پاک و ہند برطانوی سامراج کا غلام بن گیا تواس نے اس خطے کے وسائل کی بے دردی سے لوٹ مار کی اور یہاں کی عوام کو غربت، افلاس، جہالت اورتقسیم کی شدت پسند نفسیات کا شکار بنا دیا۔ بدقسمتی یہ ہے کہ آزادی کے 77 برس بعد بھی ہم بیرونی طاقتوں کے سیاسی، معاشی، تعلیمی اور ثقافتی غلام ہیں۔ ہمارے تمام اہم فیصلے سات سمندر پار طے کئے جاتے ہیں۔ دوسری طرف یہاں کی نااہل اور بدعنوان قیادت کے سبب پورے معاشرے میں بھوک اور خوف کی چادر تنی ہوئی ہے۔ قومی سطح پر اپنی بداعمالیوں کا اعتراف کرکے اجتماعی توبہ کرنا، سیرت نبوی ﷺ کا اپنے سماج کے مسائل حل کرنے کےلئے رہنمائی حاصل کرنے کے نکتہ نظر سے مطالعہ اور اپنے خطے کی تاریخ کا جائزہ لینا، آج کے دور کی اہم ترین ضرورت ہے۔ تاکہ نوجوان معاشرے میں عدل،امن اور سماجی مساوات کےقیام کے لئے اپنا قائدانہ کردار ادا کرسکیں۔"
اس سیمینار میں مختلف شعبہءِ زندگی سےتعلق رکھنے والے احباب کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں نوجوانوں نے خوب ذوق وشوق کے ساتھ شرکت کی۔
حضرت اقدس مدظلہ العالی کے دعائیہ کلمات سے اس پروقار سیمینار کی تکمیل ہوئی۔
رپورٹ: اشفاق حسین -بھنبھور ڈویژن