ادارہ رحیمیہ کی نئی ویب سائٹ  کا افتتاح

انیس احمد سجاد
انیس احمد سجاد
اکتوبر 23, 2020 - رفتارِکار
ادارہ رحیمیہ کی نئی ویب سائٹ  کا افتتاح

ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے قیام کے بنیادی مقاصد میں سے اہم ترین مقصد اسلام کے حقیقی مقاصد و اہداف سے لوگوں کو آگاہ رکھنا ہے۔ اس لیے اپنے قیام (2001ئ) کے محض ایک سال بعد ہی ادارہ رحیمیہ کی انتظامیہ نے ذرائع ابلاغ کے اس اہم ترین Tool پر کام کرتے ہوئے اپنی ویب سائٹ لانچ کردی تھی۔ جدت و ارتقا انسانی زندگی اور ٹیکنالوجی کا اہم ترین قانون ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ آئی ٹی ٹیکنالوجی کمپیوٹر، لیپ ٹاپ سے ہوتی ہوئی بہ تدریج موبائل فون میں سمٹنا شروع ہوگئی ہے۔ یہ تقاضا شدت اختیار کرتا گیا کہ ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ کی ویب سائٹ کو بھی جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے۔ گزشتہ دور میں خود ادارہ رحیمیہ کے پلیٹ فارمز سے اشاعت، لیکچرز اور خطبات وغیرہ کے جو نئے سلسلے شروع کیے گئے ہیں، انھیں ویب سائٹ کے اندر سمویا جائے۔ 
اس ہدف کے حصول کے لیے حضرت اقدس مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہٗ (ناظمِ اعلیٰ ادارہ) کی زیر صدارت ادارہ کی مجلس منتظمہ کے اراکین جناب ڈاکٹر عبدالرحمن راؤ، مولانا ڈاکٹر محمدناصر اور مولانا محمدعباس شاد کا مؤرخہ 16؍ فروری 2020ء کو اجلاس ہوا، جس میں جناب حافظ محمدعرفان صادق کو ادارہ رحیمیہ کی ویب سائٹ جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا ٹاسک سونپا گیا۔ اس کے لیے انھوں نے بین الاقوامی شہرت اور مہارت کی حامل مندرجہ ذیل احباب کی ٹیم تشکیل دی اور ان سے کام لیا: 
چیئرمین: جناب حافظ محمدعرفان صادق، سکرم ماسٹر: شاہد ریاض، بزنس ریکوائرمنٹ ٹیم: شاہدریاض اور احسن حسین۔ ڈیویلپمنٹ ٹیم: محمدعارف ٹیم لیڈر، ممبران: ملک شہزاد، محمدمزمل اور محمدعمیر۔ انفراسٹرکچر ٹیم: شاہد ریاض اور امین اللہ۔ ڈیزائن: شاہد ریاض، احسین حسین، محمدعمیر اور محمدخلیل۔ کوالٹی اشورنس ٹیم: احسن حسین ٹیم لیڈر، ممبران: محمدشفاعت نواز، شہریار اور محمدعلی خالد۔ ڈیٹا اپ لوڈ ٹیم: وسیم اعجاز اور حافظ اظہرمسعود۔ 
اس ٹیم نے 12؍ مارچ 2020ء کو طے کردہ فیچرز حضرت اقدس آزاد رائے پوری مدظلہٗ کو پیش کیے۔ 20؍ اپریل 2020ء کو ڈیزائن پاس ہوا اور الحمدللہ ۲۸؍ رمضان المبارک ۱۴۴۱ھ / 22؍ مئی 2020ء کو حضرت اقدس مولانا مفتی شاہ عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہٗ، ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن مدظلہٗ اور مولانا محمدمختارحسن مدظلہٗ نے بٹن دبا کر رحیمیہ ویب سائٹ کے انگریزی ورژن کے ڈیویلپمنٹ کے عمل کا افتتاح فرمایا۔ اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اس کا اُردو وَرژن بھی جاری کیا جائے۔ چناںچہ مؤرخہ 11؍ جولائی 2020ء کو اُردو ویب سائٹ کے ضروری فیچرز کی فہرست تیار کی گئی اور بنیادی ڈھانچے پر کام شروع کیا گیا۔ رحیمیہ آئی ٹی ٹیم نے محض 14 دنوں کے اندر اندر یہ کام بھی مکمل کردیا۔ 22؍ اگست 2020ء کو ادارہ رحیمیہ کی مرکزی مجلس کے شرکا کے سامنے رحیمیہ  آئی ٹی ٹیم کی طرف سے حافظ محمدعرفان صادق اور دیگر ممبران نے رحیمیہ ویب سائٹ کے اُردو وَرژن پر پریزینٹیشن دی۔ اسی موقع پر تمام مرکزی مجلس منتظمہ، عاملہ اور شوریٰ کے احباب نے اردو ویب سائٹ کا افتتاح فرمایا۔ اس موقع پر سرپرست ادارہ رحیمیہ حضرت مولانا ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن نے ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے فرمایا: 
’’نحمدہٗ و نصلی علیٰ رسولہ الکریم ، أمّا بعد! سب سے پہلے تو آپ سب دوستوں کو اس بنیادی پروجیکٹ کے حوالے سے خدمات سرانجام دینے پر پوری ہماری مرکزی مجلس کی طرف سے آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ کام یقینا اس لحاظ سے بڑی اہمیت رکھتا ہے کہ جو آج کا دور ہے رابطوں کے حوالے سے، وہ خاصا تیز ہوچکا ہے اور چند لمحات میں ایک جگہ سے دوسری جگہ تک معلومات پہنچتی ہیں۔ ہم بہت عرصے سے سنتے آرہے ہیں کہ دنیا گلوبل ویلج ہے۔ یہ ساری اُس کی علامات ہیں۔ یہ ہم سب کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے کہ ہم اپنا ابلاغ زیادہ سے زیادہ کس طرح وسیع بنائیں۔ یہ اس کا بڑا اہم ذریعہ ہے۔ ادارہ رحیمیہ کی ویب سائٹ جس کے ذریعے پوری دنیا میں جہاں بھی اس فکر سے وابستہ لوگ ہیں، یہ ویب سائٹ اُن کو جوڑتی بھی ہے، اس کے ذریعے ان تک بروقت متعلقہ معلومات اور ہمارا علمی مواد انشاء اللہ اُن تک پہنچ رہا ہے۔ مزید بہتر طریقے سے پہنچے گا۔ اس ٹیم میں جو آپ دوست مختلف حیثیتوں میں کام کر رہے ہیں، یہ بہت بڑی ذمہ داری آپ ادا کر رہے ہیں۔ انشاء اللہ آپ کی اس کاوش سے دوستوں کو بھی بہت فائدہ ہوگا اور یقینا آپ کے لیے بھی ایک بہت بڑے اجر کا ذریعہ بنے گا۔ ہمارے جتنے بھی یہاں پر مرکزی دوست بیٹھے ہیں، وہ سب آپ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انشاء اللہ ہمارا آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ رہے گا۔ ہماری طرف سے جن چیزوں کی ضرورت ہوگی، تو انشاء اللہ ان کو پورا کرنے کی کوشش ہوگی۔

۔ باقی آپ کی جو محنت ہے، وہ اپنی جگہ پر زیادہ مؤثر طریقے سے ہم تک پہنچی ہے۔ بہت شکریہ!‘‘

اس کے بعد حضرت اقدس آزاد رائے پوری مدظلہٗ نے مبارک باد دیتے ہوئے فرمایا: ’’پورے سلسلے کو مبارک باد ہو۔ ماشاء اللہ آپ جو محنت کر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ اسے قبول فرمائے۔ زیادہ سے زیادہ بہتر انداز میں ہم سب دوستوں کو اس نظریے کے ابلاغ اور پھیلاؤ کے لیے کام کرنے کی توفیق دے۔ یہ یقینا اس وقت بہت اہم اور بنیادی کام ہے۔ جیسا کہ ابھی لاک ڈاؤن کے زمانے میں اس کا بہت فائدہ ظاہر ہوا ہے۔ ہمیں تمام چیزوں کو اس طریقے سے منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ جیسے جیسے آپ زیادہ بہتر انداز میں کام کریں گے، اس کا بہت دوستوں کو فائدہ ہوگا۔ اللہ تعالیٰ آپ تمام حضرات کو جزائے خیر دے اور آپ کی محنتوں کو قبول فرمائے۔‘‘

مؤرخہ 20؍ ستمبر 2020ء سے الحمدللہ ادارہ رحیمیہ کی اردو و انگریزی زبانوں پر مشتمل ویب سائٹ زیر استعمال ہے۔ تمام قارئین سے گزارش ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنا بھرپور فیڈ بیک دیں، تاکہ اسے مزید بہتر بنایا جاسکے۔ ادارے کی ویب سائٹ و دیگر معلومات رسالہ ہذا کے سرِورق پر موجود ہیں۔ وہاں سے دیکھی جاسکتی ہیں۔

ٹیگز
کوئی ٹیگ نہیں
انیس احمد سجاد
انیس احمد سجاد

انیس احمد سجاد ایڈووکیٹ گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ (پنجاب یونیورسٹی) سے گریجویشن اور بہاءالدین زکریا یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری  حاصل کرنے کے بعد گذشتہ 17 سالوں سے وکالت کے پیشے سے وابستہ ہیں۔ اسی دوران کراچی یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی۔  1992 ء میں حضرت اقدس شاہ سعید احمد رائے پوری ؒ کے دامنِ تربیت سے وابستہ ہوئے۔ 2007 ء سے مستقل لاہور میں ہیں اور ادارہ مین کیمپس (لاہور)کے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ کی زیر نگرانی ادارہ کے انتظامی معاملات کو بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔ آپ کو ملکی سیاسی ،معاشی اور سماجی حالات کے ساتھ ساتھ قانونی پہلوؤں پر عبور حاصل ہے۔