زمره
فتوی نمبر
سوال
(1) میری ہونے والی اہلیہ کا حق مہر دس تولے سونا طے ہوا ہے۔ اب جب ہم سونارے کو دس تولے سونا دے کر زیورات بنوائیں گے تو زیورات بناتے وقت تقریباً گیارہ سے بارہ گرام سونا ضائع ہو جاتا ہے۔ میرا سوال یہ ہے کہ کیا حق مہر کے طور پر پورے دس تولے سونے کے زیورات میری اہلیہ کو ملنا ضروری ہیں؟
(2) اگر میں سونارے کو دس تولے سونے کی پوری مقدار ادا کر دوں تو میرا حق مہر ادا ہو جائے گا، چاہے زیورات بننے کے بعد ان کا اصل وزن دس تولے سے کم رہ جائے؟
جواب
(1) اگر نکاح کے وقت مہر میں متعین وزن کا سونا (مثلاً دس تولے) طے ہوا ہے تو شوہر کے ذمے صرف اتنے وزن کے سونے کا بیوی کو مالک بنانا ضروری ہے۔ بعد ازاں زیور بنوانے کی اجرت یا بنوائی کے عمل میں ہونے والی وزن کی کمی شوہر کے ذمے نہیں ہوگی۔ بیوی کو مالک بنانے کے بعد وہ اپنی مرضی سے اس سونے کا زیور بنوائے گی تو اس کا خرچہ اسی کے ذمے ہوگا۔
(2) بطورِ مہر دس تولے سونا طے ہوا ہے تو پورے دس تولے سونے کا بیوی کو مالک بنانا ضروری ہے، لہذا بیوی کو مالک بنائے بغیر اگر شوہر نے براہ راست خود ہی اس سونے کے زیورات بنوائے، جس کی وجہ سے سونے کا اصل وزن گھٹ جائے (مثلاً دس کے بجائے نو تولے رہ جائے) تو جتنی مقدار گھٹے گی، بطور مہر اس کی ادائیگی شوہر کے ذمے باقی رہے گی۔
واللہ اعلم بالصواب
