زمره
فتوی نمبر
سوال
موجودہ حالات میں، جہاں سرکاری ملازمت کے حصول میں میرٹ کی پابندی بہت کم رہ گئی ہے، کیا ایسی حالت میں کسی باصلاحیت نوجوان کے لیے رقم دے کر سرکاری ملازمت حاصل کرنا شرعاً جائز ہے؟
جواب
میرٹ پر پورا اترنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار سے وابسطہ کرکے ان کو خود کفیل کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اگر حکومت اپنی اس بنیادی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کے بجائے اقربا پروری، بدعنوانی، سفارش اور رشوت جیسے عوامل کو روزگار کے حصول کا معیار بنائے تو اس سے اہل لوگوں کی حق تلفی ہوتی ہے، نتیجتاً ذمہ داریاں نااہلوں کے سپرد ہوتی ہیں اور قومی صلاحیتیں ضائع ہوتی ہیں۔
صورت مسئولہ میں اولین ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ اپنی استطاعت کے مطابق کوئی جائز ذریعۂ معاش اختیار کیا جائے۔ البتہ اگر ایسا ممکن نہ ہو اور رقم دیے بغیر میرٹ کی بنیاد پر ملازمت کا حصول بھی عملاً ناممکن نظر آئے، تو ایسی صورت میں اگر متعلقہ شخص ملازمت کے لیے مطلوبہ شرائط اور پوری اہلیت بھی رکھتا ہو اور واقعی مجبوری کی حالت میں ہو تو ایسی اضطراری حالت میں جائز ملازمت کے حصول کے لیے ایسی کوئی تدبیر اختیار کی جاسکتی ہے جس سے اپنا حق حاصل کیا جاسکے۔
