داغ دھبے والے کپڑوں میں نماز پڑھنا

زمره
عبادات و اخبات الٰہی
فتوی نمبر
0358
سوال

میں کوئٹہ کیفے میں ایک مزدور ہوں۔ میرا کام برتن دھونا ہے، جس سے کپڑے گندے ہو جاتے ہیں اور بار بار کپڑے تبدیل کرنے کا موقع بھی نہیں ملتا۔ تو کیا میں ان کپڑوں میں نماز پڑھ سکتا ہوں؟

جواب

جس طرح ایک معزز محفل میں داغ دھبے والے کپڑوں میں شریک ہونا معیوب سمجھا جاتا ہے بلکہ حتی الوسع صاف ستھرا لباس پہننے کی سعی ہوتی ہے ویسے ہی خالق کائنات کے حضور پیش ہونے کے لیے بھی صاف ستھرا لباس زیب تن کرنا چاہیے۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالی ہے:
​یٰبَنِیْۤ اٰدَمَ خُذُوْا زِیْنَتَكُمْ عِنْدَ كُلِّ مَسْجِدٍ(1)  
​(اے اولاد آدم کی! لے لو اپنی آرائش (زینت) ہر نماز کے وقت)
اس آیت سے واضح ہے کہ مسجد میں پاک اور صاف ستھرا لباس پہن کر حاضر ہونا پسندیدہ عمل ہے۔ تاہم اگر بار بار لباس تبدیل کرنا باعثِ مشقت ہو تو ایسی صورت میں داغ دھبے والے کپڑوں میں بھی نماز ادا کرنا شرعاً جائز ہے، بشرط یہ کہ کپڑوں پر کوئی نجاست نہ لگی ہو۔ نیز برتن دھوتے وقت داغ دھبوں سے بچاؤ کے لیے پلاسٹک ایپرن (Apron) کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔


(1) 7-الاعراف: 31

مقام
وانہ
تاریخ اور وقت
اپریل 23, 2026 @ 02:54شام
ٹیگز
کوئی ٹیگ نہیں