مشینی ذبیحہ کا حکم

زمره
قربانی و عقیقہ
فتوی نمبر
0309
سوال

حضرت ! میں بیرون ملک رہتا ہوں۔ مسئلہ یہ ہے کہ یہاں کے ایک مقامی اسٹور میں چکن 3–4 یورو فی کلو اور بیف 4–5 یورو فی کلو مل جاتا ہے، لیکن اس پر حلال کی مہر نہیں ہوتی۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ جانور کو پہلے الیکٹرک شاک دے کر بے ہوش کیا جاتا ہے، پھر مشین کے ذریعے ذبح کیا جاتا ہے، اسی وجہ سے حلال اسٹیمپ موجود نہیں ہوتی۔ جب کہ 75 کلومیٹر دور سے جو حلال مہر والا گوشت ملتا ہے، اس میں چکن 10–12 یورو فی کلو اور بیف 14–15 یورو فی کلو ملتا ہے۔ اس میں قیمت کا نمایاں فرق ہے اور بار بار سفر کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ اس صورتحال میں از راہِ کرم شرعی رہنمائی فرمادیں کہ مقامی اسٹور کا مذکورہ گوشت استعمال کرنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب

​مروجہ مشینی ذبیحہ میں اکثر وہ امور پائے جاتے ہیں جو خلاف سنت اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔ نیز جانور کو ذبح سے پہلے الیکٹرک شاک دے کر بے ہوش کرنا شرعاً درست نہیں۔ اور ایسے جانور کا ذبح سے قبل ہی مرنے کا بالعموم اندیشہ ہوتا ہے، لہذا جب تک کسی معتبر ادارے کی حلال مہر اور شرعی شرائط کی مکمل پاسداری یقینی نہ ہو تب تک ایسے گوشت کے استعمال سے مکمل احتیاط برتنی چاہیے۔ اس کے مقابلے میں حلال اور طیب چیز کے حصول کو–چاہے وہ مہنگا ہو یا اس کے لیے مَشقت اٹھانی پڑے–بہر صورت ترجیح ہونی چاہیے۔

مقام
گوجرانوالہ
تاریخ اور وقت
مارچ 28, 2026 @ 01:11شام
ٹیگز
کوئی ٹیگ نہیں