زمره
فتوی نمبر
سوال
(1) نماز عید کی پہلی رکعت نکل جانے کی صورت میں مقتدی بقیہ نماز کس طرح پوری کرے؟
(2) پہلی رکعت میں اگر تین زائد تکبیریں فوت ہوجائیں تو ان کی ادائیگی کس طرح کی جائے؟
جواب
(1) نماز عید کی پہلی رکعت نکل جانے کی صورت میں امام کے سلام کے بعد مقتدی کھڑے ہوکر ثناء ”سبحنک اللہم۔۔۔الخ“ پڑھے، اس کے بعد تَعَوُّذ ”اعوذ باللہ۔۔۔الخ“ اور تسمیہ ”بسم اللہ۔۔۔الخ“ پڑھ کر سورۂ فاتحہ اور کوئی سورت پڑھے، پھر تین بار کانوں تک ہاتھ اٹھا کر زائد تکبیریں کہہ کر رکوع کرے اور بقیہ نماز دیگر نمازوں کی طرح پوری کرے۔
(2) اگر پہلی رکعت میں تین زائد تکبیریں رہ جائیں تو تکبیر تحریمہ کے بعد مقتدی تین زائد تکبیریں کہے، اگرچہ امام قرأت شروع کر چکا ہو۔ اور اگر نماز میں اس حالت میں شریک ہوا کہ امام رکوع میں جانے کے لیے تکبیر کہہ چکا ہو اور مقتدی کو غالب گمان ہو کہ تکبیر تحریمہ کے بعد قیام کی حالت میں زائد تکبیریں کہہ کر رکوع میں امام کے ساتھ شامل ہو جائے گا تو وہ زائد تکبیریں کہہ کر رکوع میں شامل ہو۔ اور اگر غالب گمان یہ ہو کہ امام رکوع سے سر اٹھانے والا ہے تو رکوع میں چلا جائے اور اسی حالت میں ہاتھ اٹھائے بغیر زائد تکبیریں کہے، خواہ رکوع کی تسبیحات رہ کیوں نہ جائیں۔ اور اگر رکوع کی حالت میں زائد تکبیریں کہنے سے پہلے امام رکوع سے سر اٹھا لے تو بقیہ تکبیریں چھوڑ دے اور امام کی اتباع کرے۔
