زمره
فتوی نمبر
سوال
مدرسے کا ملازم مدرسے کے کام کی غرض سے سفر میں ہو اور اس کے ساتھ ڈکیتی ہو جائے، تو کیا اس نقصان کا ذمہ دار مدرسہ ہوگا؟
جواب
مدرسہ کا ملازم اجیرِ خاص ہوتا ہے، اس بنا پر اگر وہ کسی جائز ضرورت کے لیے کہیں گیا اور اس دوران کوئی نقصان ہو گیا، تو اس کی تفصیل یہ ہے کہ اگر ضائع ہونے والی چیز ملازم کی ذاتی ملکیت تھی تو اس کے نقصان کا مدرسہ ضامن نہیں ہوگا۔ البتہ اگر مدرسہ کی کوئی چیز ضائع ہو گئی ہو تو دیکھا جائے گا کہ ملازم نے اس کی حفاظت کی تھی یا نہیں، اگر ملازم نے اس طرح حفاظت کی جیسا کہ ایسی اشیاء کی حفاظت کی جاتی ہے، مگر اس کے باوجود وہ ضائع ہوگئی، جیسا کہ بیان کردہ صورت کے مطابق ڈکیتی ہوگئی اور وہ شخص باوجود اپنی بھرپور کوشش کے نقصان سے نہیں بچا سکا، تو ملازم ضامن نہیں ہوگا۔ لیکن اگر اس نے حفاظت میں کوتاہی کی اور اس کے نتیجے میں وہ چیز ضائع ہو گئی، تو ایسی صورت میں ملازم ضامن ہوگا اور ضمان کا تعین تعدی (غفلت اور کوتاہی) کی نوعیت سے طے کیا جائے گا۔
