مروّجہ تکافل کا شرعی حکم

زمره
حلال و حرام
فتوی نمبر
0150
سوال

​پاکستان کا ایک معروف بینک بچت کی ایک سکیم ”تکافل“ کے نام سے شروع کر رہا ہے۔ جس کے جواز میں کراچی کے علمائے کرام کے فتاویٰ بھی موجود ہیں۔ اس سکیم کے تحت ہر ماہ کم از کم دس ہزار روپے اکاؤنٹ میں جمع کیے جاتے ہیں۔ اور زیادہ کی اپنی ایک حد ہے۔ تو یہ رقم مسلسل دس سال تک جمع کریں گے۔ پھر دس سال میں یہ جمع شدہ رقم بمع منافع آپ کو واپس کردی جائے گی۔ اس سلسلے میں اپنے شہر کے مختلف علما سے میری ملاقات ہوئی ہے، لیکن کسی نے تسلی بخش جواب نہیں دیا ہے۔

براہِ مہربانی اس حوالے سے میری رہنمائی فرمائیں کہ یہ سکیم جائز ہے یا ناجائز؟

جواب

حضرات فقہا کے ہاں دراصل تمام معاملات میں کچھ مسلمہ قاعدے ہیں۔ مثلاً جب معاملات جہالت پر یا ناجائز شرائط پر مبنی ہوں یا ایک معاملے کو دو یا دو سے زیادہ معاملات سے خلط ملط کردیا جائے یا وہ تعاونِ باہمی کی روح کے خلاف ہوں تو یہ سب ناجائز ہوں گے۔ خواہ کیسے ہی خوب صورت ناموں اور الفاظ سے ان کو تعبیر کیا گیا ہو۔ نیز ان کے ہاں مسلمہ قاعدہ ہے کہ العبرۃ للمعانی لا للألفاظ(تمام معاملات میں الفاظ کا اعتبار نہیں، بلکہ ان کے حقیقی مقاصد و معانی پیش نظر ہوں گے۔) تو معنی اور مفہوم کے لحاظ سے تکافل کا معاملہ سراسر سود اور قمار کا معاملہ ہے۔ جیسا کہ اس کی طرف مفتیٔ اعظم ہند و پاک حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ دہلویؒ نے اپنے فتاویٰ میں نشان دہی کی ہے:

”سوال: کیا جو لوگ بیمہ کرتے ہیں، اور منافع کے نام سے مقررہ میعاد کے بعد جمع کی ہوئی رقم کے زائد وصول کرتے ہیں، جیسا کہ کچھ اس کے قواعد ہیں، آیا شرعاً ایسا کرنا جائز ہے؟ اور زائد رقم لینا جائز ہے؟“

المستفتی شریف احمد نئی چھاؤنی دہلی، ۱۸؍ شعبان ۱۳۵۶ھ / 3؍ نومبر 1937ء

جواب: بیمہ دراصل ربا اور قمار سے مرکب ہے اور یہ دونوں شریعت ِ مقدسہ میں حرام ہیں۔ اس لیے بیمہ تجارتی ہو یا جائیداد کا، یا زندگی کا، جب کہ وہ ربا اور قمار (جوا) سے خالی نہیں ہے۔ تو شرعاً حد ِجواز میں نہیں آسکتا۔

محمد کفایت اللہ کان اللہ لہٗ

کفایت المفتی، جلد8، ص85-86، طبع مکتبہ امدادیہ، ملتان‘‘

الحاصل! بیمہ جس کو حضرت مفتی کفایت اللہ دہلویؒ نے ناجائز قرار دیا ہے اور موجودہ تکافل، یہ دونوں معنی و مفہوم اور مقاصد و اہداف کے اعتبار سے ایک ہی ہیں۔ ان میں کوئی بنیادی فرق نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رزقِ حلال کے جائز ذرائع کو اختیار کرنے اور حرام اور مشتبہات سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

مقام
لاہور
تاریخ اور وقت
دسمبر 27, 2025 @ 10:17صبح
ٹیگز
کوئی ٹیگ نہیں