ملازمت سے مشروط چھوٹی داڑھی مونڈنے (کلین شیو کرنے) کا حکم

زمره
حقوق و آداب معاشرت
فتوی نمبر
0027
سوال

 میں نے جاب کے لیے ایک نیو کمپنی جوائن کی ہے جو ایک گورنمینٹ سیکٹر کا کھانا فراہم کرتی ہے تو ان کی ڈیمانڈ ہے کہ آپ ہائیجین انسپیکٹر ہیں، فوڈ سیفٹی آفیسر ہیں لہذا آپ کی شیو ہونی چاہیے، میری فل داڑھی تو نہیں لیکن چھوٹی داڑھی رکھی ہوئی ہے تو وہ اب کہہ رہے ہیں کہ آپ کو یہ شیو کرنا پڑے گی، میں پریشان ہوں، رہنمائی کی گذارش ہے۔

 

جواب

داڑھی رکھنا تمام انبیاء کرام علیہم السلام کی سنت، مسلمانوں کا شعار اور مرد کی اصل فطرت کی عکاس ہے۔ رسول اللہ ﷺ اور صحابہ کرام ؓ نے ہمیشہ داڑھی رکھی اور رسول اللہﷺ نے داڑھی بڑھانے کا حکم بھی فرمایا ہے، اس لیے فقہائے امت نے تصریح کی ہے کہ کم از کم ایک مشت داڑھی رکھنا واجب ہے، اس کو منڈانا یا ایک مشت سے کم کرنا جائز نہیں ہے۔ چھوٹی داڑھی رکھنا یا اس کو منڈانا دونوں کا ایک ہی حکم ہے، البتہ منڈانا زیادہ معیوب ہے۔
 صورتِ مسئولہ میں کمپنی کی طرف سے چھوٹی داڑھی مونڈنے پر دباؤ کی صورت میں افہام و تفہیم اور صبر و تحمل سے کام لیا جائے، اگر ایسا ممکن نہ ہو اور فی الوقت کوئی متبادل ذریعہ معاش بھی نہ ہو تو ایسی صورت میں معاشی تنگی اور مجبوری کے تحت اس ممنوع کام کو (بوقت ضرورت اور بقدر ضرورت) کرنے کی گنجائش ہے اور ساتھ ساتھ توبہ و استغفار بھی کرنا چاہیے۔
فقط واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب​

مقام
لاہور
تاریخ اور وقت
فروری 28, 2024 @ 12:19شام