تفصیل
تقریب رونمائی
28 ذو الحجہ 1442ھ بمطابق 8 اگست 2021 بروز اتوار، ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ لاھور میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں موجودہ مسند نشین خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری، سرپرست ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ حضرت ڈاکٹر مفتی سعید الرحمن، صدر ادارہ رحیمیہ مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی، مولانا مفتی محمد مختار حسن اور مولانا مفتی عبدالقدیر کے علاؤہ ادارہ رحیمیہ کی مرکزی ورکنگ کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی۔
یہ تقریب ،حضرۃ الامام شاہ ولی اللہ دہلوی کی عربی زبان میں لکھی گئی مشہور زمانہ کتاب "تاویل الاحادیث فی رموز قصص الانبیاء" پر تحقیقی کام کے منظر عام پر آنے کے تاریخی اور پر مسرت موقع پر منعقد کی گئی۔ یہ تحقیقی کاوش، شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی عبد الخالق آزاد رائپوری نے "التعلیق الاثیث علی تاویل الاحادیث" کے نام سے عربی زبان میں مرتب کی ہے ، جس میں آپ نے حضرت امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی کتاب تاویل الاحادیث کی تشریح ، تحقیق و تعلیق کے ساتھ اس کو نیا آہنگ دیا اور اس ضمن میں شاہ صاحبؒ کے افکار ، ان کی دیگر کتب اور ولی اللہی سلسلہ کے دیگر اکابرین کی عبارات سے استفادہ کیا ہے۔
کتاب کے آغاز میں حضرت رائے پوری (صاحب تحقیق) نے ایک مفصل مقدمہ بھی لکھا ہے، جس میں کتاب کے بنیادی موضوع پر محققانہ گفتگو کی گئی ہے، نیز کتاب میں امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے تعارف کے طور پر امام عبید اللہ سندھی کی تحریر کو شامل کیا گیا ہے جو ان کی معرکۃ الآرا کتاب "التمھید لتعریف آئمۃ التجدید" کا حصہ ہے۔
علاوہ ازیں مولانا مفتی سعیدالرحمن نے کتاب کے شروع میں "الکلمات الابتدائیہ " تحریر کئے ہیں، جس میں کتاب کی اہمیت اور حضرت مدظلہ کے کام کو نمایاں کیا ہے۔ مولانا مفتی عبدالقدیر نے کتاب کے آغاز میں حضرت مدظلہ کے حالات پر مشتمل "ترجمۃ المحقق الشارح" لکھا ہے۔ کتاب کے آخر میں حضرت سندھی کے مایۂ ناز شاگرد حضرت مولانا غلام مصطفی قاسمی کا مضمون "تحلیل الکتاب و اھمیتہ" کے عنوان سے شامل ہے، یہ مضمون قبل ازیں اس کتاب کے مقدمہ کے طور پر اس وقت شائع ہوا جب اس کو شاہ ولی اللہ اکیڈمی حیدرآباد سندھ کے زیر اہتمام طبع کیا گیا تھا۔ نیز اہل علم کے لئے اس کتاب سے استفادہ میں سہولت کے لئے کتاب کے آخر میں اشاریہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک 1442ھ میں اس کتاب کے موضوعات پر حضرت مولانا مفتی عبد الخالق آزاد رائے پوری نے خطباتِ تربیت بھی پیش کئے تھے، جو رحیمیہ ویب سائٹ سے براہ راست نشر ہوئے۔ ولی اللہی فکر و فلسفہ میں یہ کتاب بہت اہمیت کی حامل ہے۔
کتاب کے حصول کے لئے ادارہ رحیمیہ لاہور کے دفتر یا ویب سائیٹ کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔