تفصیل
ادارہ رحیمیہ لاہور میں تقریبِ تکمیل بخاری شریف کا انعقاد
مورخہ 13 رجب المرجب 1444ھ / 5 فروری 2023ء بروز اتوار کو ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہورمیں دورہ حدیث شریف کے تعلیمی سال کے اختتام کے موقع پر صحاح ستہ کی اہم ترین کتاب ”صحیح بخاری شریف“ کی تکمیلی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ادارہ میں دورۂ حدیث شریف کے طلباء کا صحیح بخاری شریف کا آخری سبق ہوا.
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، پھر نعت اور اس کے بعد حضرت مولانا ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمٰن مدظلہ (سرپرست ادارہ) نے خطاب کیا۔ ازاں بعد حضرت اقدس مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہٗ نے دورۂ حدیث شریف کے طلباء کو بخاری شریف کی آخری حدیث پر درس دیا اور مفصل خطاب ارشاد فرمایا۔
اس تقریب میں علماء، نوجوان طلباء، پروفیسرز، ڈاکٹرز، و کلا اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں شرکت کرنے والی نمایاں شخصیات میں حضرت مولانا مفتی محمد مختارحسن (ڈائریکٹر ایڈمن ادارہ)، حضرت مولانا مفتی عبدالقدیر (ناظمِ تعلیمات ادارہ)، حضرت مولانا ڈاکٹر محمد ناصر (جھنگ)، حضرت مولانا قاضی محمد یوسف (حسن ابدال)، حضرت مولانا ڈاکٹر تاج افسر (اسلام آباد)، حضرت مولانا عبدالقادر بہاولنگری، حضرت مولانامفتی محمداشرف عاطف، حضرت سیّد مطلوب علی زیدی، حضرت ڈاکٹر سیّد لیاقت علی شاہ، حضرت مولانا عبد اللہ عابد سندھی (شکار پور)، مولانا عبدالرحیم طاہر (ہارون آباد) و دیگر حضرات شامل تھے۔
تقریب کے آخر میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کی دستار بندی بھی کی گئی اور حضرت اقدس مدظلہ کی دعا سے اس تقریب کا اختتام ہوا۔ تقریب مکمل ہونے کے بعد تمام شرکاء اور مہمانوں کی تواضع کی گئی ۔
رپورٹ: رحیمیہ میڈیا