موجودہ ملکی سماجی، سیاسی، معاشی مسائل، ان کے اسباب اور حل اسوہ حسنہ ﷺ کے تناظر میں

موجودہ ملکی سماجی، سیاسی، معاشی مسائل، ان کے اسباب اور حل اسوہ حسنہ ﷺ کے تناظر میں
تفصیل

مورخہ 17 فروری 2023ء بروز جمعة المبارك اداره رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور (برانج لاڑکانہ) کے زیر ابتمام آڈیٹوریم ہال شاہنوازميموريل لائبریری لاڑكانہ میں "موجودہ ملکی سماجی، سیاسی، معاشی مسائل، ان کے اسباب اور حل اسوہ حسنہ ﷺ کے تناظر میں،" عنوان سے ایک پر وقار سیمینار منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی اداره رحیمیہ کے ڈائریکٹر جرنل حضرت مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری اور مہمانِ اعزازی مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی (صدر ادارہ رحیمیہ) تھے۔ سیمینار میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر قدر نواز بلوچ نے نبھائے۔ پروگرام کا آغاز علی محمد مہر نے  تلاوت کلام پاک سے کیا۔

جناب کاشف بلوچ کی صدارت میں ہونے والے اس سیمینار میں صدر اداره رحیمیہ مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب نے ملکی حالات کا احاطہ کرتے ہوئے اپنے تعارفی موضوع میں فرمایا کہ، "آج بدقسمتی سے ہمارے حکمران ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سے عوام دشمن معاہدے کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے قرضے اور سود کے چنگل میں ہماری قوم پھنس چکی ہے۔ ایسی قوم کبھی بھی اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو سکتی۔، ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے حالات کا شعوری اداراک حاصل کریں۔ آج کا سیمینار بھی اسی شعور کو اجاگر کرتا ہے۔"

سیمینار کے مہمان خصوصی حضرت مفتی عبد الخالق آزاد رائے پوری نے شرکاء سیمینار کی راہنمائی کرتے ہوئے فرمايا، "آج ہم جس معاشرے میں زندگی بسر کر رہے ہیں وہ فکری انتشار کا شکار ہے۔ بھوک، بے روزگاری اور بدامنی کی وجہ سے سماجی ابتری پیدا ہو چکی ہے۔ لوگوں میں بے یقینی کی کیفیت ہے اور مایوسی کی حالت میں خودکش واقعات میں روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ان حالات میں ہمیں اپنی قوم کو منظم کرکے اس ظالمانہ نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کرنے چاہئے۔ ایسا فکر اختیار کرنے کی ضرورت ہے جو انسانیت دوست ہو اور انسانیت کو اس ظالمانہ نظام سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ وہ پائیدار اور عالم گیر فکر اسوہ حسنہ ﷺ میں موجود ہے اس پر عمل کرکے ہم اس زوال سے نکل سکتے ہیں اور کل انسانیت کی راہنمائی کر سکتے ہیں"۔

اس سیمینار میں ادارہ رحیمیہ کے ڈائریکٹر ایڈمن  مفتی محمد مختار حسن، انجینئر آفتاب احمد عباسی، مولانا عبدالله عابد سندهی، انجینئرآصف رضا میمن، حافظ نور الدين سومرو، حافظ بشیر احمد سیال اور عاشق علی سوہو کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء،وکلاء اور طلباء نے شرکت کی۔

رپورٹ: حفیظ الرحمن کوریجو، لاڑکانہ
 

مقام
شاہنوازميموريل لائبریری لاڑكانہ
تاریخ اور وقت
فروری 17, 2023 @ 09:00شام