ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ لاہور میں شجر کاری مہم

مورخہ 13 محرم الحرام 1443ھ بمطابق 22 اگست 2021ء بروز اتوار ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے مرکزی کیمپس میں حسبِ سابق شجر کاری کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں صبح نو بجے ادارہ رحیمیہ کے ناظمِ اعلیٰ حضرت اقدس مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی (مسند نشین سلسلہ عالیہ رحیمیہ رائے پور) نے ”القادر بلاک“ میں شجرکاری کا آغاز فرمایا اور سب سے پہلے آپ نے اپنے دستِ مبارک سے پودا لگایا۔ اس کے بعد سرپرست ادارہ رحیمیہ مولانا ڈاکٹر مفتی سعید الرحمن مدظلہ نے دوسرا پودا لگایا۔ پھر مولانا مفتی عبدالقدیر مدظلہ، مولانا مفتی محمد مختار حسن مدظلہ، مولانا مفتی محمد اشرف عاطف، انجینئر آفتاب احمد عباسی نے بالترتیب پودے لگائے ۔ اس موقع پر ادارہ کے ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر عبد الرحمان راؤ، جناب جان محمد گدارو ایڈمنسٹریٹر ادارہ رحیمیہ کراچی کیمپس اور حافظ محمد شفیق ناظم دفتر مرکزی کیمپس سمیت کئی احباب موجود تھے۔ بعد ازاں حضرت رائے پوری مدظلہ نے دعا بھی کی۔

یاد رہے کہ ادارہ رحیمیہ کی شجرکاری کے حوالے سے یہ اہم خصوصیت ہے کہ ہر کچھ عرصے بعد ادارہ اور اس کے ملک بھر میں موجود کیمپسز میں وقتاً فوقتاً شجر کاری کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ نیز ادارہ رحیمیہ مرکزی کیمپس لاہور میں قبل ازیں کی گئی شجر کاری کے نتیجے میں اکثر پودے اس وقت تن آور درخت کی شکل اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ جس سے آس پاس کے ماحول کی خوشگواری میں اضافہ محسوس کیا جارہا ہے۔  

واضح رہے کہ ادارہ رحیمیہ کے  السعید بلاک اور القادر بلاک کے قیام کے لیے یکے بعد دیگرے جب زمین خریدی گئی تھی، اس وقت ان جگہوں پر کئی درخت موجود تھے، جن کو نئی تعمیرات ہونے کے باوجود محفوظ رکھنے کا اہتمام کیا گیا اور ان کی بدستور دیکھ بھال کی جاتی ہے۔ 

رپورٹ: نفیس مبارک،لاہور