امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی دو مایہ ناز کتابوں کی تقریبِ رونمائی

امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی دو مایہ ناز کتابوں کی تقریبِ رونمائی
تفصیل

امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی دو مایہ ناز کتابوں کی تقریبِ رونمائی

حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلوی قدس سرہٗ اور اُن کے سلسلے کے علمائے ربانیّین کی طرف سے علومِ قرآن، علومِ حدیث، علومِ فقہ، علومِ تصوف و احسان، علومِ عمرانیات، علومِ سیاست، علومِ معیشت اور علومِ فلسفہ پر بہت اہم کتابیں منصہ شہود پر آئی ہیں۔ دینِ اسلام کے جامع فکر و عمل کو سمجھنے کے لیے ان حضرات کی کتابوں اور علومِ ولی اللّٰہی سے استفادہ اس دورکی ناگزیر ضرورت ہے۔

الحمد للہ! "رحیمیہ مطبوعات" کی جانب سے امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ اور اُن کے سلسلے کے علمائے ربانیین کی کتابوں کی جدید اسلوب پر اشاعت کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے میں "رحیمیہ مطبوعات" نے امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی حال ہی میں دو کتابوں کی اشاعت جدید کی سعادت حاصل کی ہے:

1۔ المقدمہ فی قوانین الترجمہ و مقدمہ فتح الرحمٰن بترجمۃ القرآن

یہ دونوں امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے رسائل ہیں، جن میں ’’المقدّمۃ فی قوانین التّرجمۃ‘‘ آج سے تقریبًا سو سال پہلے مولانا حفظ الرحمٰن سیوہارویؒ ناظم جمعیت علمائے ہند نے دریافت کیا تھا۔ یہ دونوں رسائل فنِ ترجمہ میں ہونے والی اَغلاط اور کوتاہیوں کی نشان دہی کرتے ہوئے قرآنی ترجمہ نگاری کے ایک جامع اور بہترین اسلوب کا تعین کرتے ہیں۔حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے ان دونوں رسائل کے قلمی نسخوں کی مدد سے اصل فارسی متن کی تحقیق اور ان کے اُردو ترجمے کا کام حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری صدر نشین سلسلۂ عالیہ رحیمیہ رائے پور نے کیا ہے۔ انھوں نے اپنے پیشِ لفظ میں ان رسائل کے مخطوطات کا تعارف کرایا ہے۔ نیزاس کے شروع میں ’’ترجمہ نگاری کا ولی اللّٰہی اُسلوب اور اس کا تسلسل‘‘ کے عنوان سے ایک مفصل مقدمہ بھی انہوں نے رقم کیا ہے۔

یہ کتاب’’قرآنی ترجمہ نگاری کی اہمیت اور اُصول و قوانین‘‘ کے عنوان سے ستمبر 2016ء میں پہلی بار شائع کیا گیا تھا ۔ اب اس زیرِنظر کتاب کی دوسری اشاعت ہوئی ہے۔ اس موقع پر مرتب اور محقق کے علم میں ان دونوں رسائل کے الگ الگ دو مزید مخطوطے آئے ۔ ان کی روشنی میں دوبارہ ان کے فارسی متن میں نسخوں کے اختلافات کی نوعیت کو واضح کیا گیا اور فٹ نوٹ میں ان کے حوالہ جات بھی دے دیے گئے ہیں۔ اور اس کے اپنے اصل نام ’’المقدّمۃ فی قوانین التّرجمۃ‘‘ کو ٹائٹل پر نمایاں طور پر شائع کیا گیا ہے۔

2۔ فیوض الحرمین ــ الشریفین ــ مع شرح کنوز البلدَین الکریمین

یہ کتاب امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے سفرِ حرمین شریفین (مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ) کے دوران آپ کے مشاہدات و فیوضات پر مبنی ہے۔ یہ عربی زبان میں حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی تصنیف ہے، جس کے متن کی تصحیح کے ساتھ ساتھ حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزد رائے پوری مدظلہ نے ”کنوز البلدین الکریمین“ کے  نام سے عربی میں ہی شرح لکھی ہے۔  اس کتاب میں حضرت رائے پوری مدظلہ نے تدقیق و تحقیق کے ساتھ اس کے متن کو مختلف نسخوں اور طباعتوں سے موازنہ و مقارنہ کرکے تصحیح شدہ متن مرتب کیا، تاکہ باذوق اہلِ علم قارئین اس سے کما حقہ استفادہ کرسکیں ۔ نیز ان کے فہم و مطالعہ کو آسان بنانے کے لیے پیراگرافنگ اور بعض جگہ نکات کی شکل میں عبارت کو واضح کیا گیا ہے ۔ اس کے مشکل الفاظ و جملوں کی لغوی تحقیق کی گئی ہے ۔ نیز اس کے ساتھ ساتھ اس کی عبارتوں کی تشریح حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی ہی دیگر تصانیف سے کی گئی ہے۔

اس کتاب کے آغاز میں حضرت مولانا ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمٰن (سرپرست ادارہ رحیمیہ و سابق صدر شعبہ علومِ اسلامیہ، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی، ملتان) کا تحریر کردہ ”الکلمات الابتدائیہ“،حضرت آزاد رائے پوی مدظلہ کی تحریر ”سیرۃ الامام المؤلف“ اور ترجمۃ المحقق و الشارح (تعارف شارح) اس اشاعت کا حصہ ہے۔ شارح کتاب مدظلہ نے  کتاب کے آغاز میں ایک تفصیلی مقدمہ بھی تحریر کیا ہے، جس میں کتاب کا پس منظر، اہمیت اور اس کا خلاصہ بیان کیا گیا ہے۔ نیز کتاب کے موضوع و مقصد پر روشنی ڈالی ہے اور اس کی طباعتوں اور قلمی نسخوں کا مکمل احوال بھی قارئین کے سامنے پیش کیا ہے۔ 

ان دونوں کتابوں کی تقریبِ رونمائی 26 محرم الحرام 1445 ھ / 14 اگست 2023ء بروز سوموار کو ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے العزیز بلاک میں منعقد ہوئی، جس میں شارح کتاب حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری، سرپرست ادارہ ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن، ڈائریکٹر ایڈمن ادارہ مولانا مفتی محمد مختار حسن، شیخ الحدیث ادارہ مولانا مفتی محمداشرف عاطف اور ناظم مالیات ادارہ ڈاکٹر راؤ عبدالرحمٰن مدظلہم اسٹیج کی زینت تھے۔

کتاب کی تقریب رونمائی کی نظامت کے فرائض ناظم ”رحیمیہ مطبوعات“ مولانا محمدعباس شاد نے انجام دیے۔ تقریب کا آغاز مولانا قاری عبد الرّؤف (لاہور) کی تلاوتِ کلامِ پاک کے ساتھ ہوا۔ راقم السطور نے نظم پیش کی۔ اس کے بعد مولانا ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن نے مذکورہ دونوں کتابوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے شارح کتاب حضرت آزاد رائے پوری کی علمی و تحقیقی کاوشوں کو سراہا اور انھیں امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے علوم و معارف کے حوالے سے کام کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس کے بعد شارحِ کتاب حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہٗ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان دونوں کتابوں کے مضامین کا خلاصہ بیان کیا۔ نیز اس میں کیے گئے تحقیقی کام پر روشنی ڈالی، اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمٰن ، مولانا مفتی عبدالقدیر صاحبان اور دیگر معاونین کا اس علمی کام میں تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ 

تقریب کے آخر میں حضرت آزاد رائے پوری مدظلہ نے ڈائریکٹر ایڈمن ادارہ مولانا مفتی محمد مختار حسن صاحب کی صاحبزادی کا نکاح پڑھایا۔ اس کے بعد حضرت مدظلہ کے دست مبارک سے سینئر احباب نے  ”فیوض الحرمین“ کتاب کے نسخے وصول کیے۔

اس تقریب کا اختتام شارحِ کُتُب حضرت رائے پوری مدظلہ کی دعا کے ساتھ ہوا۔

نوٹ: الحَمْدُ لِلّٰہ ! اب تک ”رحیمیہ مطبوعات“ کی جانب سے حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی درجِ ذیل کتب بھی مع شروحات شائع کی جاچکی ہیں:

1۔ ’’تاویلُ الأحادیث‘‘ مع شرح: ’’التّعلیق الأثیث“(عربی)

2۔ ’’اللّمحات‘‘ مع شرح: ’’النّفحات‘‘ (عربی)

3۔ ’’الخیرُ الکثیر‘‘ مع شرح: ’’الفیض الکبیر‘‘ (عربی)

4۔ ’’البُدورُ البازِغۃ‘‘ مع شرح: ’’النُّجوم السّاطعۃ‘‘ (عربی)

اس کے علاوہ ولی اللّٰہی علوم پر مختلف اردو کتابیں بھی ”رحیمیہ مطبوعات“ کی فہرست کا حصہ ہیں۔

یہ کتابیں رحیمیہ بک شاپ، 33/Aکوئینز روڈ ، شارع فاطمه جناح، لاہور سے رعایتی قیمت پر حاصل کی جاسکتی ہے۔

فون نمبرز0092-42-36307714,36369089

 

رپورٹ: سید نفیس مبارک ہمدانی، لاہور

مقام
ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ(ٹرسٹ) لاہور
تاریخ اور وقت
اگست 14, 2023 @ 10:00صبح