ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ - پشاور کیمپس میں سیرت النبی (صلی اللہ علیہ وسلم) سیمینار

ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ - پشاور کیمپس میں سیرت النبی (صلی اللہ علیہ وسلم) سیمینار
تفصیل

ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے زیراہتمام ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے ادارہ رحیمیہ پشاور کیمپس میں سیرت النبی (صلی اللہ علیہ وسلم) سیمینار مورخہ 27 ستمبر 2023ء کو بعد ازنماز مغرب منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے ڈائریکٹر ایڈمن حضرت مولانا مفتی مختارحسن تھے۔
اس سیمینار کی صدارت ادارہ رحیمیہ کے ریجنل ڈائریکٹر سید عمیر بابر زیدی نے فرمائی۔ نظامت  کے فرائض جناب الطاف الرحمان نے سرانجام دیے جبکہ تلاوتِ کلام پاک کی سعادت قاری محمد سعید نے حاصل کی۔
اپنے خطاب میں مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ حضور نبی اخر الزمان صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ پوری انسانیت کے لیے ایسا روشن نمونہ ہے کہ جس پر چل کر جہاں انسانوں کو اللہ تعالی کی رضامندی اورخوشنودی حاصل ہو سکتی ہے وہاں یہ انسانیت کو دونوں جہاں کی ترقیات اورفلاح وکامیابی سے بھی ہمکنار کر سکتی ہے۔
مفتی مختار حسن نےکہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب تک امت محمدیہ نے اپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ اور اپ صلی اللہ علیہ وسلم کی جماعت کے فکر و عمل کو آئیڈیل بنائے رکھا کہ تو امت کامیابی، ترقی، خوشحالی اور امن و امان کے منازل طے کرتی رہی اور جہاں امت نے اس راہِ عمل سے اعراض کیا تو پستی اور زوال کا شکار ہوئی۔
آپ کا مزید یہ کہنا کہ دور حاضر میں عدل و انصاف کی اساس پر معاشرے کی تشکیلِ نو اسوہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو ماننے کابڑا اساسی تقاضہ ہے کیونکہ جب بھی کسی معاشرے کے اندر ظلم کا نظام قائم ہو جائے تو اس کے نتیجے میں مجموعی انسانیت ذلت و زوال غلامی وپستی بھوک اور بدامنی کا شکار ہو جاتی ہے۔
اپنے خطاب میں مولانامفتی مختار حسن نے نوجوانوں کو متوجہ کرتےہوئےکہا کہ آج بدامنی، بھوک اور جہالت کا شکار سسکتی ہوئی انسانیت بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب عدل و انصاف کا تقاضا کرتی ہے ایسے میں نوجوانِ قوم  کو ادارہ رحیمیہ علوم قرانیہ یہ پیغام دینا چاہتا کہ ہے کہ وہ اپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور جماعت صحابہ کے کردار و عمل کو سامنے رکھتے ہوئے سوسائٹی کی ترقی اور فلاح وکامیابی کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ جس کے لئے لازم ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے دین سے عقلی و عملی وابستگی اختیار کرتے ہوئے اس کے دیے گئے عادلانہ نظام زندگی کےقیام کی بھرپور جدوجہد کی جائے۔
اس سیمینار میں زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی  سے تعلق رکھنے والے علماء،  ڈاکٹرز ،انجینیئرز، تاجر برادری اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور نہایت توجہ اور انہماک سے مہمان خصوصی کی گفتگو سماعت کی۔
سیمینار کا اختتام حضرت مولانا مفتی مختار حسن کی دعا سے ہوا۔

رپورٹ: مفتی شہاب الدین بنگش ۔ پشاور

مقام
پشاور کیمپس ۔ ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ
تاریخ اور وقت
ستمبر 27, 2023 @ 07:52صبح