تفصیل
ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ ٹرسٹ لاہور کی رائیونڈ شاخ کے زیر انتظام مورخہ 19مارچ 2023 بروز اتوار کمیونٹی سنٹر پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور میں "قیام عدل کی سماجی جدوجہد اور اسلام کا نظام عبادات" کے موضوع پر ایک شعوری سیمینار کا انعقاد ہوا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی حضرت اقدس مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری ( مسند نشیں خانقاہ رائے پور و ڈائریکٹر جنرل رحیمیہ انسٹی ٹیوٹ آف قرآنک سائنسز، لاہور) اور مہمان اعزازی ڈاکٹر آصف نوید تھے۔ جناب اسد ایوب کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس سیمینار کی نظامت ابوبکر صدیق نے کی ۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری سمیع اللہ صاحب نے حاصل کی ۔
سیمینار کے آغاز میں ناظم اجلاس نے مہمان خصوصی اور موضوع کا تعارف پیش کیا ۔ ادارہ رحیمیہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر صاحب نے کہا کہ "یہ ادارہ انہیں آزادی پسند علماء کے فکر و عمل کا تاریخی تسلسل ہے جنہوں نے ماضی میں برعظیم پاک و ہند کو انگریز کے تسلط سے نجات دلانے اور نظام عدل کے قیام کے لیے جدوجہد کی ۔ قیام پاکستان کے بعد اس خطہ میں نوجوانوں کی شعوری تربیت کے لیے امام عزیمت مولانا شاہ سعید احمد رائےپوری ؒ (مسند نشین رابع، خانقاہ عالیہ رائے پور و بانی ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ)نے بہت اہم کردار ادا کیا ۔ فرقہ واریت کے دور میں آپ نے نوجوانوں کو دین ابراہیمی کے غلبہ کے لیے تیار کیا ۔ اور یہاں سچے اکابر علماء کا تعارف کرایا ۔ ان کے بعد آپ کے جانشین مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری اور آپ کی قائم کی ہوئی جماعت اسی سلسلے کو آگے پروان چڑھا رہی ہے۔"
مہمان خصوصی نے سیمینار کے موضوع پر راہنمائی کرتے ہوئے فرمایا کہ، "انسان کو انسان اسی لیے کہتے ہیں کہ اس میں دوسرے انسانوں کے لیے انس اور محبت ہوتی ہے ۔ انسان کبھی اکیلا نہیں رہ سکتا ۔ سب سے بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو فائدہ پہنچائے ۔ اور انسانوں کو فائدہ عدل و انصاف کے قیام سے ہی پہنچایا جا سکتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ قیامت کے دن سب سے پہلے جو شخص عرش کے سائے تلے آئے گا وہ عادل حکمران ہوگا۔ ظلم کے خلاف جتنی آواز قرآن حکیم میں اٹھائی گئی ہے اس کی مثال دنیا کے کسی دوسرے فکر و فلسفہ میں نہیں ملتی ۔ دین اسلام کی تمام عبادات اجتماعیت کا درس دیتی ہیں۔ اس خطہ کو انگریز نے جو نظام دیا وہ ظالمانہ اور استحصالی ہے۔ اس نظام نے مسجد اور مولوی کا تقدس بھی چھین لیا ہے۔ آج مسلمان معاشرہ ہونے کے باوجود سماج میں ناپ تول میں کمی، نا انصافی اور جھوٹ ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم عبادات کے اصل خلق سے ناواقف ہیں ۔"
سیمینار میں پنجاب سوسائٹی ، بحریہ ٹاؤن ، ای ایم ای سوسائٹی، اور یونیورسٹیوں کے نوجوان طلباء اور شہریوں نے شرکت کی ۔ اور سیمینار کے انعقاد کو سراہا ۔
رپورٹ : عمران حسین (رائیونڈ)