شارجہ ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی کتب میلہ (یکم تا 12 نومبر 2023ء) اپنی تمام تر رعنائیوں اور رونقوں کے ساتھ جاری ہے۔ اس میلے میں جہاں دنیا بھر سے لاکھوں نادر و نایاب کتب موجود ہیں ، وہیں رحیمیہ مطبوعات کی طرف سے فلسفہ ولی اللہی کی تفہیم و توضیح پر مشتمل بنیادی کتب البدور البازغة ، تأويل الأحاديث ، الخير الكثير ، فيوض الحرمين ، مقالات معیشت سمیت دیگر مطبوعات شرکاء کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
اس کتاب میلہ کی ایک اہم خصوصیت ابن العربی پبلشنگ اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن، مصر کے سٹال پر امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی مایہ ناز کتاب "اللمحات مع شرح النفحات" کی رونمائی ہے، جس کو فاؤنڈیشن نے بین الاقوامی معیار کے تحت شائع کیا ہے۔ یہ کتاب عربی زبان میں حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی تصنیف ہے۔ پاکستان میں سب سے پہلے یہ کتاب حضرت مولانا غلام مصطفٰی قاسمیؒ (شاگرد رشید حضرت مولانا عبیداللہ سندھیؒ ) نے شاہ ولی اللہ اکیڈمی حیدرآباد سندھ سے شائع کی تھی۔ تقریبا چالیس سال کے بعد اب حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزد رائے پوری مدظلہ کی تحقیق و تعلیق کے ساتھ اللمحات مع النفحات شرح اللمحات کے نام سے شائع کی گئی ہے۔ اس میں ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن (سابق صدر شعبہ علومِ اسلامیہ، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی، ملتان) نے "الکلمات الابتدائیہ" تحریر کیا ہے، جب کہ مولانا مفتی عبدالقدیر (شیخ الحدیث و رئیس جامعہ اشاعت العلوم مرکزی جامع مسجد چشتیاں، ضلع بہاولنگر) نے امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی فلسفے کی اہمیت اور کتاب اللمحات کے امتیازی حیثیت کے حوالے سے ایک جامع تقریظ لکھی ہے۔ نیز شارح کتاب مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ نے اس پر ایک تفصیلی مقدمہ بھی تحریر کیا ہے، جس میں کتاب کا پس منظر، اہمیت اور تفصیلات درج کرتے ہوئے اس کے موضوع و مقصد پر روشنی ڈالی ہے۔
اس کتاب کی رحیمیہ مطبوعات سے اشاعت کے بعد ابن العربی پبلشنگ اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن مصر نے اس کتاب کو مروج بین الاقوامی معیار کے مطابق شائع کرنے کے لئے رابطہ کیا چنانچہ ابتدائی گفت و شنید کے بعد ایک معاہدہ کے تحت ابن العربی فاونڈیشن نے اس کی اشاعت کا اہتمام کیا ، عرب دنیا میں بین الاقوامی اشاعت کے اس اقدام کو بہت سراہا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے نامور محقق ڈاکٹر محمد الخزرجی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ابن العربی ریسرچ فاؤنڈیشن کی طرف سے اس کتاب کی اشاعت کو سراہتے ہوئے فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ایمن حمدی کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے نوجوان عرب نسل کے لئے اور خاص طور پر بین الاقوامی سطح پر ان کتابوں تک رسائی کو آسان بنادیا ہے۔
مزید برآں تشنگانِ علم کتاب میلہ میں بک سٹالز پر آکر رحیمیہ مطبوعات کی کاوشوں کی پذیرائی کررہے ہیں اور داد تحسین دے رہے ہیں۔ الحمدللہ ۔