پاکستان کا اجتماعی زوال اور سیرت النبی ﷺ کا پیغام

پاکستان کا اجتماعی زوال اور سیرت النبی ﷺ کا پیغام
تفصیل

18اکتوبر2023ء بروز بدھ ”پاکستان کا اجتماعی زوال اور سیرت النبی ﷺ کا پیغام“ کے عنوان سے ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور اور فاسٹ یونیورسٹی و یوتھ پارلیمنٹ خیبرپختونخوا کے باہمی اشتراک سے فاسٹ یونیورسٹی حیات آباد پشاور میں ایک شعوری  سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر فضل طارق (ممبر رحیمیہ اکیڈمک کونسل) تھےجب کہ سیمینار کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر نیازاحمد (فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس) نے فرمائی۔ سیمینار کی نظامت کے فرائض جناب فقیر عامر نے سرانجام دیے اور تلاوت کی سعادت حافظ نعمان خان نے حاصل کی۔
موضوع پر اظہارخیال کرتے ہوئے مہمان مقرر نے فرمایا کہ  ”کسی بھی معاشرے کی بقاء و ترقی میں اس کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کی باشعور اجتماعیت کا بڑا بنیادی کردار ہوتا ہے، جو اپنی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ اجتماعی مسائل کے حل میں بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ دورِحاضر میں وطن عزیز کو بے پناہ اجتماعی مسائل ومشکلات درپیش ہیں مثلاً گزشتہ سات عشروں سے ہم دینی فکر و فلسفہ کے مطابق آزاد و خود مختار نظام قائم کرنے میں ناکام ہیں۔ ملک میں خوف اور بھوک کی چادر تنی ہوئی ہے اورسب سے افسوس ناک امر تو یہ ہے کہ ہمارا نوجوان ان حالات سے تنگ آکر مایوسی کے عالم میں ملک سے بھاگنے پر مجبور ہے“۔
آپ کا کہنا تھا کہ ” آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے نوجوان کو اس مایوسی کے عالم سے نکالیں، اور اسے قومی و اجتماعی ذمہ داریوں کی جانب متوجہ کریں۔ جس کے لئے اولین ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قوموں کو زوال سے نکالنے کےلئے انبیاء علیہم السلام کی قابل قدر کاوشوں کا شعوری مطالعہ کریں کہ جن کی بدولت ہردور میں انسانیت زوال سے نکل کر ترقی کی راہوں پر گامزن ہوتی رہی“۔
آپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ” قرآن حکیم کا مطالعہ بھی اسی تناظر میں کیا جانا ضروری ہے کہ ہم اس سے سماجی زندگی کو بہتر بنانے اور معاشی عدل وانصاف قائم کرنے کے لئے قرآن حکیم جو نظام حیات پیش کرتا ہے اس پر دورحاضر کےتقاضوں کے مطابق غوروفکر کریں اور نوجوان نسل کو یہ احساس دلائیں کہ جس طرح ہردور میں دین اسلام نے انسانی سماج کے مسائل حل کئے ہیں، ہم آج بھی دین اسلام کے اجتماعی نظام کے قیام کی بدولت  موجودہ مسائل کے گرداب سے نکل سکتے ہیں۔ اس کے لئے یہ ضروری ہے کہ ہم دین کا مطالعہ سماجی تشکیلِ نو کے نکتہ نظر سے کریں اور رسول اللہ ﷺ کے مبارک اسوہ حسنہ کے مطابق سماج میں ایک پرعزم، بامقصد، تعمیری اور مثبت جدوجہد کریں تاکہ ہم اپنے معاشرے کو موجودہ زوال سے نکال کر بامِ عروج تک پہنچا سکیں“۔
اس کے بعد پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے سیمینار کے تکمیلی کلمات اداکئے اور اس سیمینار کے انعقاد پر سیمینار کےمنتظمین اور اس میں شرکت پر تمام حاضرین کا خصوصی طور شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ: فقیر عامر (پشاور)

مقام
فاسٹ یونیورسٹی حیات آباد پشاور
تاریخ اور وقت
اکتوبر 18, 2023 @ 10:00صبح