اردو سائنس بورڈ کے زیر اہتمام فرئیر ہال میں نیشنل بک فیئر میں ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ لاہور کی پذیرائی
کراچی، 14 اگست 2024 — اردو سائنس بورڈ کے زیر اہتمام کراچی کے تاریخی فرئیر ہال میں 12 اگست تا 14 اگست نیشنل بک فیئر کا انعقاد ہوا ۔ اس تین روزہ ایونٹ میں طلباء و طالبات، علماء، وکلاء ،پروفیسرز، ڈاکٹرز اور سکالرز سمیت ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور علمی و ادبی کتب میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
بک فیئر میں رحیمیہ انسٹی ٹیوٹ آف قرآنک سائنسز (ٹرسٹ) لاہور کی جانب سے رحیمیہ مطبوعات کا اسٹال خاص توجہ کا مرکز رہا۔ شرکاء نے رحیمیہ مطبوعات کی کتب کو نہایت پسند کیا اور انہیں خصوصی رعایتی قیمتوں پر خریدنے کا موقع حاصل کیا۔ رحیمیہ مطبوعات کی کتب میں قرآنی علوم، اسلامی تاریخ، ولی اللہی علوم و افکار اور دیگر علمی موضوعات پر مبنی کتابیں شامل تھیں، جو شرکاء کے لیے خاص توجہ کا باعث بنیں اور انہوں نے نہ صرف اپنی پسندیدہ کتب حاصل کیں بلکہ علم و تحقیق کے میدان میں ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ کے کردار کو سراہا ۔
اردو سائنس بورڈ کے ڈائریکٹر جناب ضیاء اللہ طورو نے رحیمیہ مطبوعات کے سٹال کے دورے کے موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ " مجھے رحیمیہ انسٹیٹیوٹ آف قرآنک سائنسز لاہور کے سٹال پر آکر بہت اچھا لگا۔ بہت مفید اور علم سے بھرپور کتب دیکھنے کو ملیں۔" انہوں نے ادارہ کی ترقی کے لیے دعا اور نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا ۔ رحیمیہ بک سٹال کے منتظمین نے ان کا شکریہ ادا کیا اور اردو سائنس بورڈ کے علم دوست کردار کو سراہا اور بک فیئر کو مزید وسیع بنیادوں پر منعقد کرنے کی تجویز بھی دی۔
بک فیئر کے منتظمین نے اس ایونٹ کو عوامی سطح پر علمی ورثے کی فروغ کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔