تقریبِ رونمائی کتاب "خطباتِ ملتان"
6 صفر المظفر1443ھ بمطابق 12 ستمبر 2021ء بروز اتوار ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے "العزیز بلاک ہال" میں صدر نشین خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور حضرت مولانا شاہ مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری (ناظم اعلیٰ ادارہ رحیمیہ) کی علمی کاوش "خطباتِ ملتان" کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔ نظامت کے فرائض پروفیسر چوہدری رشید احمد نے انجام دیے۔ اسٹیج پر صاحبِ خطبات کے علاوہ سرپرست ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ پروفیسر ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن، صدرادارہ رحیمیہ مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی اور ڈائریکٹر ایڈمن ادارہ رحیمیہ مولانا مفتی مختار حسن کے علاوہ مولانا مفتی عبد القدیر، ڈاکٹر عبدالرحمن راؤ اور مولانا ڈاکٹر محمد ناصر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتی سعید الرحمن نے "خطبات ملتان" کا پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ،" ایک موقع پر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ علومِ اسلامیہ کی انتظامیہ کی درخواست پر حضرت مدظلہ نے امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی فکر پر ایک پُرمغز لیکچر ارشاد فرمایا تو حاضرین و منتظمین نے پُر زور تقاضا کیا کہ ولی اللہی فکر کے تعارف کے حوالہ سے حضرت والا کے مزید خطبات ہونے چاہئیں، چنانچہ2017ء میں یونیورسٹی میں قائم "موسی پاک شہید چیئر" کے زیر اہتمام "امام شاہ ولی اللہ دہلوی کی فکر اور عصر حاضر" کے عنوان سے حضرت والا کے لیکچرز سیریز ہوئی، بعد ازیں حضرت مدظلہ کا ایک لیکچر یونیورسٹی کے لیہ کیمپس میں اور ایک لیکچر یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز ہال میں انعقاد پذیر ہوا ۔ کتاب هذا میں مذکورہ سات خطبات بمع حواشی و حوالہ جات درج ہیں۔"
انہوں نے مزید فرمایا کہ "آج کی دنیا علم و فکر کی دنیا ہے اور بہترین ذہن کو قائل کرنا علم اور دلائل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ہم پر ولی اللہی افکار کے حوالے سے یہ بہت اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ یہ علم و فکر نئی نسل کو منتقل کیا جائے، آج کتاب کی اس تقریب رونمائی میں شرکت کے نتیجے میں ہمیں اپنے علم کو ٹھوس بنیادوں پر مزید آگے بڑھانا چاہیے ۔ اللہ تعالی کا بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے عصر حاضر میں ولی اللہی فکر کی ترویج کے لئے حضرت امام شاہ سعید احمد رائے پوریؒ کا انتخاب کیا اور یہ ایک حقیقت ہے کہ اگر وہ اس کام کا آغاز نہ کرتے تو آج سوسائٹی میں امام شاہ ولی اللہؒ کے علوم و افکار کا تعارف نہ ہوتا اور ہم ان سے فیض یاب نہ ہو پاتے۔ اب یہ ذمہ داری ان کی جماعت ،ان کے جانشین حضرت شاہ عبدالخالق آزاد راۓپوری مدظلہ العالی (صاحبِ خطبات) کی سرپرستی میں ادا کررہی ہے۔ یہ بات تمام حاضرینِ محفل کے لیے باعث سعادت ہے کہ وہ ان کی حالیہ تالیف "خطبات ملتان" کی تقریب رونمائی میں شریک ہیں۔"
آخر میں انہوں نے حضرت مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری کو ان خطبات کے منظرِعام پر لانے کے حوالہ سے مبارک باد پیش کی اور حاضرین کو توجہ دلائی کہ حضرت رائےپوری، قرآن حکیم کے اس حکم کہ "ایک کام سے فارغ ہو تو دوسرے میں لگ جاؤ" پر عمل پیرا ہوتے ہوئے علمی، فکری اور تربیتی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم صحیح طور ان سے فیض یاب تب ہی ہو سکتے ہیں جب ہم ان کی مجالس اور خطبات سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ اللہ تعالی ان کی زندگی، صحت اور علم میں مزید برکات عطا فرماۓ اور ہم سب کو ان کے علم سے فیض یاب و بہرہ مند ہونے کی توفیق دے۔ (آمین)"
تقریب رونمائی میں حاضرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں پنجاب بھر سے ادارے کے محاضرین تعلیم و تربیت کے علاوہ خیبرپختونخوا سے نمائندہ وفد شامل تھا۔
حضرت اقدس مدظلہ کی دعا سےتقریب کا اختتام ہوا۔
رپورٹ: ڈاکٹر شاہ زیب خان، لاہور