تفصیل
مسند نشین خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور و ناظم اعلیٰ ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ 5 نومبر 2022ء بروز ہفتہ تعلیمی و تربیتی دورے پر ادارہ کراچی کیمپس تشریف لائے۔ آپ کے ہمراہ صدر ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ مفتی عبدالمتین نعمانی ، ڈائریکٹر ایڈمن مولانا مفتی محمد مختار حسن صاحبان بھی ہیں۔ ادارہ کیمپس میں موجود نوجوانوں کی کثیر تعداد نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
بعد از نماز عشاء استقبالیہ نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس نشست کی صدارت واصف ریاض ایڈووکیٹ نے کی۔ نظامت کے فرائض آصف لطیف نے ادا کئے اور تلاوتِ قرآن حکیم کی سعادت مولانا ذوہیب حسن نے حاصل کی۔
مذکورہ نشست میں صحبت صالح کی اہمیت پر راہنمائی دیتے ہوئے مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب نے فرمایا کہ، " اہل اللہ کی صحبت دراصل اپنے دلوں سے بد اخلاقی کی گندگی کو پاک کرنا ہے۔ ایسا فرد جو صالح اجتماعیت سے وابستہ ہو وہ جب معاشرتی نظام کو تشکیل دینے کی جدوجہد کرے گا تو انفرادیت پر اجتماعیت کو فوقیت دے گا۔ صحبتِ صالح سے ان میں بہادری اور جرات پیدا ہوتی ہے۔ معاشرے میں اہل اللہ کا کام لوگوں میں عزم اور ہمت کو پیدا کرنا ہوتا ہے۔"
حضرت اقدس مدظلہ نے اس نشست کے موضوع " غلبہ دین مفہوم اور تقاضے" پر شرکاء نشست کی راہنمائی کرتے ہوئے فرمایا، "آج کے اس ترقی یافتہ دور میں زندگی میں بہت سے علوم اور شعبے وجود میں آچکے ہیں۔ آج معلومات کا ایک سمندر ہے ۔ مسئلہ علم کی کمی نہیں بلکہ اس دور کی خرابی اور دجل و فریب کو سمجھنا ہے جو سرمایہ پرستی کی صورت میں اس معاشرے پر مسلط ہے۔ تمام انبیاء کرام علیہم السلام کا یہی مقصد رہا ہے۔ آج سرمایہ دارانہ نظام نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ وطن عزیز پاکستان میں جو امداد یا قرضے لئے جاتے ہیں وہ ان کے آلہ کار طبقات کے ذریعے دوبارہ ان کے بنکوں میں چلے جاتے ہیں۔ ان حقائق کا ادراک کرنا اس دور کا تقاضا ہے۔ آج نظریہ کو درست کرنے کا دور ہے ۔ جس کی دعوت حضرت شاہ سعید احمد رائے پوری رحمۃ اللّٰہ علیہ نے ہمیں دی۔ یہ بنیادی حقیقت ہے جس کا ادراک بہت ضروری ہے۔ آج ضروری ہے کہ انسان دوستی، ہمدردی اور محبت کے رویئے پیدا ہوں۔ زندگی کے مقاصد و اہداف طے کرنا ضروری ہے۔ غلبہ دین فضاؤں یا خلاؤں میں ہونے والا کام نہیں ہے بلکہ اس زندگی میں عملی جدوجہد سے عبارت یے۔
اس نشست میں ممبر ایڈوائزری بورڈ آفتاب احمد عباسی، وسیم اعجاز، حافظ نور الدین سومرو، پروفیسر نعمان باقر نقوی، جان محمد گدارو، پروفیسر محمد یعقوب کے علاوہ حضرت شاہ سعید احمد رائے پوری رح کے مجازین مولانا عبداللہ عابد سندھی، مولانا محمد اشرف انڑ، مولانا انور شاہ نے بھی شرکت کی۔
رپورٹ: اظہر مسعود، کراچی کیمپس