تفصیل
مورخہ 8 فروری 2023ء بروز بدھ ڈائریکٹر ایڈمن اداراہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (لاہور) مفتی محمد مختار حسن صاحب کندھ کوٹ تشریف لائے۔ اس موقع پر ایک شعوری سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر کے معززین کے ساتھ ساتھ نوجوان طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ "اسوہ حسنہ ﷺ کے تناظر میں موجودہ ملکی مسائل اوران کا حل" کے موضوع پر ہونے والے اس سیمینار کی صدارت معشوق علی باجکانی نے کی جب کہ تلاوت قرآنِ حکیم کی سعادت جناب کفایت اللہ نے حاصل کی۔ جب کہ نظامت کے فرائض سہیل احمد اعوان نے سرانجام دئے۔
سیمینار میں ادارہ رحیمیہ کا تعارف شبیر احمد بلوچ نے پیش کیا۔ مولانا مفتی محمد مختار حسن صاحب نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ ویسے تو ہر دور میں اسوہ حسنہ ﷺ سے ہمیں راہنمائی درکار ہوتی ہے لیکن جب بات ہو آج کے دور میں انتشار اور عدم استحکام کے حالات کی تو ان حالات میں ہمیں زیادہ فکر کی ضرورت ہوتی ہے کہ ہم اس زوال سے نکلنے کے لئے حضور ﷺ کی سیرت سے راہنمائی حاصل کریں۔ جس طرح 1400 سال قبل انسانیت نے ظلم کے نظام سے نجات حاصل کی ویسے ہی آج بھی کیا جاسکتا ہے۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے فرمایا کہ،" اسوہ حسنہ کے اسی اجتماعی پہلو کو اجاگر کرنے کے لئے ادارہ رحیمیہ کوشاں ہے۔ آج کے دور کے امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے افکار کی روشنی میں، عدم تشدد کی حکمت عملی ، پر عمل کرتے ہوئے،سیرتِ مبارکہ ﷺ کو سامنے رکھ کر ہی ملک کے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے ۔"
سیمینار کے اختتام پر مولانا محمد مختار حسن صاحب نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دئیے ۔
اس سیمینار میں شہر کے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ آخر میں مفتی مختار حسن صاحب نے دعاء سے پروگرام کی تکمیل کروائی۔
رپورٹ: شبیر احمد بلوچ, کندھ کوٹ