قومی انتشار اور سماجی زوال کے خاتمے میں سیرت النبی ﷺ کا راہنما کردار

مورخہ 06 اکتوبر 2022ء بروز جمعرات کبیر والا لاء ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سیرت البنی ﷺ کا انعقاد ہوا جس میں ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ ٹرسٹ کے سرپرست اور سابق چیئرمین اسلامک اسٹڈیز بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر سعید الرحمن اعوان  نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت فرمائی۔ تقریب کی صدارت بار کے صدر حاجی سعید احمد خان بھٹہ نے کی. یہ پروگرام سیکریٹری بار ایسوسی ایشن کبیر والا راؤ اطہر جاوید ایڈووکیٹ کی خصوصی کاوشوں سے انعقاد پزیر ہوا۔

مہمانِ خصوصی نے سیرت النبیﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا،"سیرت طیبہ ﷺ پہ چل کر ہی دونوں جہانوں میں کامیابی ممکن ہے۔نبی آخر الزماں ﷺ کی حیات طیبہ ہر ایک کے لئے ایسا روشن نمونہ ہے کہ جس پر چل کر اللہ کی رضا و خوشنودی حاصل ہو سکتی ہے اور انسان دونوں جہانوں میں کامیابیوں سے ہم کنار ہو سکتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب امت محمدیہ  نے حضور اقدس ﷺ کی سنت و سیرت  کو اپنا آئیڈیل بنائے رکھا، کامیابی و کامرانی اور عزت و وجاہت کی منزلیں طے کرتی چلی گئی اور جہاں حضور اقدس ﷺ کی سنت و سیرت سے اعراض کیا تو پستی و تنزلی کی گھاٹیوں میں جا پڑی"۔ 
انہوں نے مزید فرمایا کہ رسول پاک ﷺ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ دنیا و آخرت کے لئے عظیم درس ہے، اسی پر چل کر ہم موجودہ دور کے مسائل کو بھی حل کر سکتے ہیں اور نہ صوف مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ آخرت میں بھی سرخرو ہو سکتے ہیں۔"

مہمانِ خصوصی نے مروجہ عدالتی نظام کو عدل کی فراہمی میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ملک کے نظام میں بنیادی تبدیلی ملک کے بقا کے لئے ضروری ہے۔
ادارہ رحیمیہ کے ضلع خانیوال کے نمائندے معروف نیورو سرجن ڈاکٹر محمود احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔

اس بابرکت تقریب میں سینئر سول جج فیصل مختیار، سول جج احتشام مقرب ،  سابق ممبر پنجاب بار حاجی عبد العزیز خان اور راؤ سلطان احمد خان کے علاوہ ادارہ رحیمیہ کے نمائندے چوہدری طارق محمود ایڈووکیٹ نے بھی بطورِ خاص شرکت کی۔