16 اگست 2021 بروز پیر ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ ٹرسٹ حلقہ محرابپور کے زیر اہتمام مقامی ہال میں " جماعت رسول ﷺ کا انقلابی کردار " کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں صدر ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ ٹرسٹ پاکستان مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب نے رہنمائی فرمائی۔
مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب نے فرمایا کہ " آپ ﷺ نے جماعت صحابہ کی تربیت ان چار اصولوں پر فرمائی جس کی نتیجے میں عدل و انصاف کا سسٹم قائم ہوا،
پہلا اصول تلاوت قرآن حکیم ہے، جس کہ نتیجہ صراط مستقیم کی پہچان ہوتی ہے اور اس پر چلنا آسان ہوتا ہے،
دوسرا اصول تعلیم کتاب الٰہی ہے اس کہ ذریعے سے قوانین الہی کی سمجھ آتی ہے،
تیسرا اصول تزکیہ ہے جس کی بدولت حسد، بغض، کینہ، وغیرہ سے جماعت کے قلوب صاف ہوئے،
چوتھا اصول تعلیمِ حکمت ہے، حکمت کہتے ہیں حقائق کی بنیاد پر چیزوں کو پرکھنا، سیاست کو سمجھنا، سماج کا جائزہ لینا، حقائق کے اصول پر معروضیت کا جائزہ لینا۔"
حضرت مفتی صاحب نے مزید فرمایا کہ "جو جماعت ان چار اصول پر تیار ہوگی وہ سماج میں عدل و انصاف اور معاشی خوش حالی کا نظام قائم کرے گی، سرمایہ پرستی اور دہریت کا خاتمہ کرے گی، اس حوالے سے نمونے کی جماعت جماعت صحابہ ہے، اس میں اول درجہ خلفائے راشدین کا ہے، دوسرے درجے میں تمام صحابہ کرام شامل ہیں۔"
سیمینار کی نظامت انجینئر زاہد حسین نے کی، جب کہ صدارت کے فرائض محمد یاسر کمبوہ نے سرانجام دیے۔ سیمینار کا آغاز مولانا راشد لاشاری کی تلاوت کلام سے ہوا اور شان اقدس ﷺ میں نعت شان فلک نے پیش کی۔
سیمینار میں ادارہ رحیمیہ کا تعارف اور سیمینار کے اغراض و مقاصد جناب پروفیسر عاشق علی سوہو نے پیش کیے۔
سیمینار میں پروفیسر امجد علی آرائیں،اساتذہ، نوجوان طلبہ، صحافی برادری اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
رپورٹ: مدثر سعید، محراب پور