23 اکتوبر 2022 بروز اتوار ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کی جیکب آباد شاخ کے زیر انتظام مہران کونسل ہال جیکب آباد میں "حقیقی سماجی تبدیلی کے اصول سیرت رسول ﷺ کی روشنی میں" کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ کے ممبر ایڈوائزری بورڈ اور مجاز حضرت شاہ سعید احمد رائے پوریؒ ڈاکٹر سید لیاقت علی شاہ معصومی تھے۔ سیمینار کی نظامت عبد الوحید سیال اور صدارت کے فرائض ادارہ رحیمیہ کے ریجنل ذمہ دارحافظ بشیر احمد سیال نے سر انجام دیئے۔ تلاوت قرآنِ حکیم کی سعادت مولانا مفتی محمد ریحان نے حاصل کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید لیاقت علی شاہ نے کہا کہ،" آج کے دور میں نبی کریم ﷺ کا اسوہ حسنہ اختیار کرنا ہمارے لئے لازمی ہے کیونکہ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دور کے فرعونوں کے قائم کئے ہوئے ظالمانہ نظام سے مظلوم عوام کو آزادی دلوائی۔ آج کے دور میں ہم اسی اسوہ حسنہ ﷺ پر چل کر قوم کو ظلم سے نجات دلا سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سیرتِ مبارکہ کے اجتماعی تصورات سے آگاہی حاصل کریں اور بحیثیتِ مسلمان اس پر عمل کرکے اس دنیا میں بھی کامیاب ہوں اور آخرت میں بھی کامیابی حاصل کریں۔"
سیمینار کا اختتام مہمانِ خصوصی کی دعا سے ہوا۔ سیمینار میں زیادہ تر کالجز کے طلباء نے شرکت کی اور دل چسپی کا اظہار کیا۔
رپورٹ: عبدالغنی مہر۔ جیکب آباد