دور حاضر کے مسائل اور ان کا حل دین اسلام کی روشنی میں

دور حاضر کے مسائل اور ان کا حل دین اسلام کی روشنی میں
تفصیل

ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور دین اسلام کی  حقیقی تعلیمات  کے تناظر میں نوجوان نسل کے شعور کی بیداری کے مشن پر کام کررہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوان، خاص طور پر طلباء اس پلیٹ فارم میں کشش محسوس کر رہے ہیں۔ اس کی ایک مثال 27 محرم الحرام 1443ھ بمطابق 5 ستمبر 2021ء بروز اتوار ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے زیراہتمام بورے والا میں ایک عمومی سیمینار میں نوجوانوں کی بھاری تعداد میں شرکت ہے۔ جس کے مہمانِ خصوصی  معروف علمی شخصیت ڈاکٹر مفتی سعید الرحمن ، سرپرست ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ(ٹرسٹ) لاہور تھے۔ جب کہ صدارت ممتاز عالم دین اور ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ کے صدر مولانا مفتی عبد المتین نعمانی نے کی۔ سٹیج پر ریجنل صدر ڈاکٹر عتیق الرحمن راؤ بھی رونق افروز تھے۔

سیمینار کے موضوع " دور حاضر کے مسائل اور ان کا حل دین اسلام کی روشنی میں" پر خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی سعید الرحمن  نے فرمایا،" کسی بھی قوم کی آزادی کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ قوم اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جاتی ہے۔ سیاسی اور معاشی استحکام حاصل کرتی ہے اور اپنا آزادانہ نظام ترتیب دیتی ہے۔درحقیقت اقوام میں تبدیلی اجتماعیت کی سوچ سے ہی آتی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم باشعور ہوں اور ایک ایسی اجتماعیت تشکیل دیں جو فرقہ واریت اور طبقاتیت سے ماورا ہو۔ قومی اجتماعی سوچ کو اختیار کرکے دین اسلام کی راہنمائی میں ہی ہم اپنی آزادی کے گم شدہ مقاصد  کو حاصل کر سکتے ہیں۔" 

آخر میں صدر مجلس حضرت مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی (صدر ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ لاہور) نے صدارتی کلمات میں کہا کہ وطن عزیز پاکستان روز بروز مسائل کےدلدل میں دھنستا جارہا ہے۔ آج کا باشعور نوجوان ایسے حالات میں کسی ایسے با مقصد پلیٹ فارم کی تلاش میں ہے جو ان حالات میں اپنا مثبت قومی کردار ادا کرنے کی جانب راہنمائی کرے۔ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ان کو یہ پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

مہمان خصوصی کی دعا کے ساتھ سیمینار کی تکمیل ہوئی۔

مقام
بورے والا
تاریخ اور وقت
ستمبر 05, 2021 @ 03:00شام