ہیلتھ کئیر سسٹم کے چیلنجز اور نوجوانوں کا کردار

رحیمیہ انسٹیٹیوٹ آف قرآنک سائنسز اور ڈیپارٹمنٹ آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز کراچی یونیورسٹی کے اشتراک سے مورخہ 8 نومبر 2022ء بروز منگل ایک قومی شعوری سیمینار منعقد کیا گیا جس کا عنوان، ''ہیلتھ کئیر سسٹم کے چیلنجز اور نوجوانوں کا کردار" تھا۔ اس سیمینار کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ ٹرسٹ لاہور مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری تھے۔

سیمینار کی نظامت کے فرائض حافظہ طوبیٰ اور پروفیسر آمنہ نے نبھائے۔ تلاوتِ قرآنِ حکیم کی سعادت مولانا عبدالرحمن اور نعتِ رسول ﷺ کی سعادت عریشہ علی نے حاصل کی۔ صدر ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ مفتی عبدالمتین نعمانی کی صدارت میں ہونے والے اس سیمینار میں ادارہ رحیمیہ اور اس کی نگرانی میں ہونے والی سرگرمیوں کا تعارف ادارہ کے ممبر ایڈوائزری بورڈ انجینئر آفتاب احمد عباسی نے شرکاء کے سامنے پیش کیا۔

 مہمانِ خصوصی نے سیمینار کے موضوع کو سیرۃِ مبارکہ ﷺ کے تناظر میں شرکاء کے سامنے پیش کرتے ہوئے فرمایا،" انسان دو بنیادی چیزوں کا مرکب ہے ایک اس کا مادی جسم ہے اور دوسری اس کی روح۔ جس طرح انسانی جسم کی ضرورتیں اسی طرح اس معاشرے کی بھی ضرورتیں ہیں۔ جیسے ایک انسان بیمار ہوتا ہے ویسے ہی یہ معاشرہ بھی بیمار ہوتا ہے۔ انسانی زندگی کی صحت عبارت ہوتی ہے معاشرے کی صحت سے۔ اللہ تعالیٰ کے تمام انبیاء کرام انسانوں کی فلاح کے لئے آئے اور ایسے سماجی نظام کو قائم فرمایا جس میں بیماریاں اور پریشانیاں ختم ہوں۔''

مہمانِ خصوصی نے مزید فرمایا،''حضور ﷺ کے دور میں اس کی ایک بڑی عمدہ مثال ہے کہ ایک طبیب مدینہ منورہ میں آیا لیکن کوئی اس سے علاج نہیں کرواتا تھا۔ اس کی حقیقت یہ تھی کہ لوگ بیمار نہیں ہوتے تھے۔ موجودہ دور کے مجدد امام شاہ ولی اللہ ؒ نے انسانی اور سماجی صحت سے متعلق جو تصور پیش کیا ہے اسے ارتفاقات سے تعبیر کیا گیا ہے۔ یعنی آسانیاں پیدا کرنے کا مکمل نظام۔ انسانی سماج میں موجود پریشانیاں اور ظلم و ستم بے شمار ہیماریوں کاباعث بنتے ہیں۔ جس سے ہیلتھ سسٹم تباہ ہوجاتا ہے۔ آج بھی صحت سے متعلق یہ مسائل اس سرمایہ دارانہ نظام کا شاخسانہ ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سسٹم کا شعوری ادراک کیا جائے۔''

بعد ازاں مہمانِ اعزازی ڈاکٹرمحمد عاصم نے ہیلتھ کیئر سسٹم کے حوالے سے معلومات اور اعداد و شمار پر مشتمل ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی۔

سیمینار کے اختتام پر کو-پیٹرن ڈاکٹر تازین حسین نے مہمانِ خصوصی اور مہمانِ اعزازی کو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ ادارہ رحیمیہ کی جانب سے صدر ادارہ رحیمیہ مفتی عبدالمتین نعمانی نے فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کی سیمینار مینجمنٹ سوسائٹی کے ممبران کو سیرتِ مبارکہ ﷺ کی کتاب،''نور البصر فی سیرت خیر البشر" پیش کی اور حضرت اقدس نے کو۔پیٹرن کو ادارہ رحیمیہ کی جانب سے یادگاری تہنیتی شیلڈ بھی پیش کی۔

اس سیمینار میں ایڈمنسٹریٹر ادارہ کراچی کیمپس انجینئر جان محمد گدارو، وسیم اعجاز، شاہ محمد وسطڑو اور مولانا عبدالرحمن نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

رپورٹ: حافظ اظہر مسعود،کراچی