پاکستان کے معاشی ومعاشرتی مسائل اور ان کا حل قرآنی تعلیمات کی روشنی میں

ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ بہاولپور کیمپس کے زیرِ انتظام بتاریخ 19 فروری بروز اتوار قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور کے آڈیٹوریم میں ایک شعوری سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی حضرت مفتی عبد الخالق آزاد رائے پوری (ڈائریکٹر جنرل ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ) تھے۔ مہمانِ اعزازی میں مفتی عبد المتین نعمانی (صدر ادارہ رحیمیہ) بھی شریک تھے۔ سیمینار کی صدارت محمد زیبر جب کہ نظامت کی ذمہ داری ڈاکٹر منصور عباسی نے ادا کی۔

سیمینار کا پہلا موضوع " سماجی تشکیل نو میں علم و شعور کی ضرورت واہمیت " تھا جس پر مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب نے شرکاء کی راہنمائی کرتے ہوئے فرمایا،" عقل وشعور کے بغیر قوموں کی سماجی، معاشی اور سیاسی حالت درست نہیں ہوتی. دین اسلام کی تعلیمات کی اساس پر عقل و شعور حاصل کرنا آج کے دور کا اہم ترین تقاضا ہے-"

سیمینار کے دوسرے موضوع " پاکستان کے معاشی ومعاشرتی مسائل اور ان کا حل قرآنی تعلیمات کی روشنی میں " پر حضرتِ اقدس نے راہنمائی فرمائی۔ آپ نے معاشرے میں زوال پذیر ہونے کے اسباب قرآنی تعلیمات کی روشنی میں بیان کئے جس کی وجہ سے پچھلے قوموں میں عذاب آیا اور آج وہ سب بیماریاں ہمارے معاشرے میں موجود ہیں۔ معاشرے میں نظریاتی انتشار، سیاسی عدم استحکام، معاشی افلاس اور خوف عام ہے. آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قرآنی شعور کو سمجھیں اور اس پر عمل کر کے اس زوال سے معاشرے کو آزاد کرائیں۔"

سیمینار میں شہر بہاولپور کے معززین اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس طرح کے سیمینارز اور موضوعات کو سراہا۔

رپورٹ: محمد اکبر ۔بہاولپور سٹی