سماجی تشکیل کے عصری تقاضے اسوہُ حسنہ ﷺ کی روشنی میں

27 اکتوبر 2022ء بروز جمعرات ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ لاہور اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سب کیمپس دیپال پور کے زیر اہتمام اوکاڑہ میں "سماجی تشکیل کے عصری تقاضے اسوہُ حسنہ ﷺ کی روشنی میں" کے عنوان پر ایک پر وقار سیمینار کا انعقاد ہوا۔ سیمینار کی صدارت پرنسپل سب کیمپس دیپال پور اوکاڑہ ڈاکٹر طارق عزیز نے کی۔ جب کہ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مفتی سعید الرحمن (سرپرست ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ ٹرسٹ لاہور) تھے۔ نظامت کے فرائض جناب مظہر رانجھا نے انجام دیے۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت حافظ عبداللہ نے حاصل کی۔ 
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مفتی سعید الرحمن صاحب نے فرمایا کہ آپ ﷺ  کے زمانے میں سوسائٹی مختلف  طبقات میں تقسیم تھی۔  آپ ﷺ نے کمزور طبقہ کو شعوری طاقت عطا کی اور مکہ کے اشرافیہ کے طبقاتی نظام کو توحید الہی کی اساس پر تبدیل کیا ۔ آپ ﷺ کی زندگی مکمل سماجی زندگی تھی ، آپ نے انفرادی زندگی بسر کرنے کی بجائے اجتماعی کردار ادا کیا، چنانچہ قبل از بعثت جب  سیلاب سے بیت اللہ کی عمارت گر گئی تو تعمیر نو کے بعد حجرہ اسود کی تنصیب کے لیے لوگوں کا آپس میں تنازع ہوا تو آپ ﷺ  نے اجتماعی حکمت عملی تشکیل دے کر ایک بڑے خون خرابے کا انسداد کیا، اسی طرح ام المؤمنین حضرت خدیجہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہا نے بھی نزول وحی کے متصل بعد آپ ﷺ کے گھر تشریف لانے کے موقع پر آپ کی عوام دوست سماجی مصروفیات کا تفصیل سے ذکر کیا ۔"
  انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ "آپ ﷺ نے کوہ صفا پر کھڑے ہو کر لوگوں کو لا إله إلا الله کی دعوت کو اس کے مطلوبہ تین مقاصد و نتائج کے ساتھ مربوط کیا کہ 
1- تمہیں کامیابی حاصل ہو گی۔
2- زمین عرب پر  تمہاری حکومت قائم ہوگی ۔
3- غیر عرب تمہارے نظام کے ماتحت آ جائیں گے۔
آنے والے وقت میں جماعتِ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین نے بھی ان مقاصد کے فروغ کے لئے ایران اور روم پر غلبہ پایا۔  آج کے نوجوان کو چاہئے کہ وہ اس خطبہ کی روشنی میں اپنا دینی شعور بیدار کرے، اس پر اپنے اندر تنظیم پیدا کرے، نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ کے تناظر میں موجودہ دور کے سلگتے ہوئے مسائل کے حل کی حقیقی نوعیت دریافت کرے اور سماج کو سیرت رسول ﷺ کے مطابق تشکیل دینے کے لئے جدوجہد کرے۔"
سیمینار کے اختتام پر معزز مہمان نے طلبہ کے سولات کے جوابات بھی دئیے. سیمینار میں پرنسپل سب کیمپس دیپالپور اوکاڑہ  نے صدارتی کلمات میں معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار میں ڈاکٹر مظہر حسین رانجھا، ڈاکٹر مسعود اعوان، ڈاکٹر شعیب الرحمان، ڈاکٹر رضوان شفیق، ڈاکٹر توحید اقبال ، ڈاکٹر صہیب سرفراز، ڈاکٹر احمد رضا، ڈاکٹر تنویر، ڈاکٹر آمنہ ایوب، ڈاکٹر سدرہ اقبال و دیگر فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ کے ریجنل نمائندگان ڈاکٹر عتیق الرحمن، مولانا عبد الواحد اور جناب محمد بشیر نے شرکت کی ۔سیمینار کے اختتام پر معزز مہمان نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سب کیمپس دیپالپور اوکاڑہ میں پرنسپل کی معیت میں گرین ہاؤس کا افتتاح کیا اور شجر کاری بھی کی۔ پرنسپل نے معزز مہمان کو اپنے کیمپس کا نشانِ اعزاز بھی پیش کیا ۔


رپورٹنگ ـ وسیم اظہر اوکاڑہ