12 نومبر 2021ء بمطابق 7 ربیع الآخر 1443ھ بروز جمعۃ المبارک کو صدر نشین خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور حضرت شاہ عبد الخالق آزاد رائے پوری مختصر دورے پر بورے والا تشریف لائے۔اس موقع پر ایک شعوری سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔۔ سیمینار کا موضوع "عصر حاضر کے مسائل کا حل اسوہ حسنہ کی روشنی میں" تھا۔
مذکورہ سیمینار کی صدارت مولانا مفتی عبد المتین نعمانی (صدر رحیمیہ انسٹی ٹیوٹ آف قر آنک سائنسز پاکستان) نے فرمائی۔ حافظ نعمان مزمل کی تلاوت سے شروع ہونے والے اس سیمینار میں مہمان خصوصی حضرت اقدس شاہ عبد الخالق آزاد رائے پوری اور مہمانانِ اعزازی میں مولانا محمد مختار حسن (ڈائریکٹر ایڈمن ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ) اور مفتی عبدالقدیر ( ڈائریکٹر اکیڈمکس ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ) تھے۔
مہمانِ خصوصی نے سیمینار کے مذکورہ موضوع پر راہنمائی دئتے ہوئے فرمایا کہ،" نبی اکرمﷺ پوری انسانیت کے نبی اور رہنما ہیں۔ آپ کی سیرت طبیہ رہتی دنیا تک تمام انسانیت کی کامل رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ دنیا کی کامیابی کے لیے نبی اکرم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے بھیجا ہے آپﷺ دنیا کی ذلتوں کو دور کرنے کا ذریعہ ہیں نبی ﷺ کی ذات گرامی سے رہنمائی تو کل انسانیت کا فریضہ ہے۔ لیکن جو آپﷺ کا کلمہ پڑھنے والے تمام لوگوں پر لازم ہے وہ آپﷺ کی سیرت طبیہ سے رہنمائی لینا ہے۔
قرآن حکیم تین باتوں کو معاشرت کی تشکیل میں بنیادی اہمیت دیتا ہے۔
1۔ نبی اکرم ﷺ اور تمام انسانوں کو عدل و انصاف کا نظام قائم کرنے کاحکم دیاگیا (مختلف آیات قر آنیہ سے وضاحت کی گئی )
2۔ اللہ پاک بیان فرماتے ہیں کہ مثالی معاشرہ امن و امان والا معاشرہ ہوتا ہے۔
3۔ مثالی سوسائٹی میں معاشی اطمینان ہو اور وافر وسائل ہوں تاکہ وہ پر سکون زندگی گزار سکیں۔
جب کوئی قوم ان راہنما نکات کی پاس داری نہیں کرتی تو اسپر تین طرح کے عذابات آتے ہیں۔ 1۔ ظلم۔ 2۔ بدامنی 3۔ معاشی تنگدستی یا معاشی بد حالی
آپﷺ نے بلا تخصیص رنگ نسل، مذہب تمام انسانوں کو یہ تینوں طرح کے حقوق دیئے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمآپﷺ کی سیرت کو سمجھ کر سوسائٹی کو تشکیل دیں۔"
سیمینار کے آخر میں صدر نشست مولانا عبد المتین نعمانی صاحب نے تکمیلی کلمات بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں آج کے سیمینار میں بیان کئے گئے موضوع اورحضرت اقدس کی رہنمائی کے نتیجے میں اپنا شعور بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ایک با شعور اجتماعیت پیدا کرسکیں اور وہ اجتماعیت سوسائٹی کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرے۔
حضرت اقدس کی دعا سے اس سیمینار کی تکمیل ہوئی۔
رپورٹ: شاہد قیوم (چیچہ وطنی)