تقریبِ رُونمائی کتاب ”النجوم الساطعة شرح البدور البازغة“

الحمدللہ ! حکمتِ ولی اللّٰہی کی منفرد عقلی و بُرھانی تصنیفِ لطیف  ”البُدورُ البازِغة“ (تالیف: حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ) کی شرح مع تحقیق و تعلیق ”النُّجو م السّاطعة“ از حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ دو جلدوں میں طبع ہوکر شائع ہوچکی ہے۔ 

اس کتاب کی تقریبِ رونمائی 12 رمضان المبارک 1444ھ/  3 اپریل 2023ء بروز سوموار کو ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے السعید بلاک کے مسجد ہال میں منعقد ہوئی، جس میں شارح کتاب حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری، سرپرست ادارہ ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن، صدر ادارہ مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی ، مولانا مفتی عبدالقدیر، مولانا مفتی محمد مختار حسن اور مفتی محمداشرف عاطف مدظلہم کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے علماء، پروفیسرز، وکلا، ڈاکٹرز، انجینئرز اور طلباء سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔ 

”البدور البازغة“عربی زبان میں حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی تصنیف ہے، جو حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزد رائے پوری مدظلہ کی تحقیق و تعلیق اور شرح کے ساتھ ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے شعبہ ”رحیمیہ مطبوعات لاہور“ سے شائع کی گئی ہے۔ اس کتاب میں حضرت رائے پوری مدظلہ نے تدقیق و تحقیق کے ساتھ اس کے متن کو مختلف نسخوں اور طباعتوں سے موازنہ و مقارنہ کرکے تصحیح شدہ متن مرتب کیا، تاکہ باذوق اہلِ علم قارئین اس سے کما حقہ استفادہ کرسکیں ۔ نیز ان کے فہم و مطالعہ کو آسان بنانے کے لیے پیراگرافنگ اور بعض جگہ نکات کی شکل میں عبارت کو واضح کردیا گیا۔ اس کے مشکل الفاظ و جملوں کی لغوی تحقیق کی۔ نیز اس کے ساتھ ساتھ اس کی عبارتوں کی تشریح حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی ہی دیگر تصانیف سے کردی گئی ہے۔ 

اس کتاب کے آغاز میں حضرت مولانا ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمٰن (سرپرست ادارہ رحیمیہ و سابق صدر شعبہ علومِ اسلامیہ، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی، ملتان) کا تحریر کردہ ”الکلمات الابتدائیہ“ اور مولانا ڈاکٹر تاج افسر (ڈپٹی ڈین فیکلٹی آف اصول الدین و سربراہ شعبہ تفسیر و علوم القرآن ڈیپارٹمنٹ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد) کی ”تقریظ“ شاملِ اشاعت ہے۔ اس کے علاوہ امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ پر امام عبید اللہ سندھیؒ کا ”تذکرۃ حکیم الہند“، مفتی عبد القدیر (شیخ الحدیث و مہتمم جامعہ اشاعت العلوم چشتیاں) کا تحریر کردہ شارح محترم کی حالتِ زندگی سے متعلق مضمون ، اور حضرت آزاد رائے پوی مدظلہ کی تحریر ”سیرۃ الامام المؤلف“ بھی اس اشاعت کا حصہ ہے۔ شارح کتاب مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ نے  کتاب کے آغاز میں ایک تفصیلی مقدمہ بھی تحریر کیا ہے، جس میں کتاب کا پس منظر، اہمیت اور اس کا خلاصہ بیان کیا گیا ہے۔ نیز کتاب کے موضوع و مقصد پر روشنی ڈالی ہے اور اس کی طباعتوں اور قلمی نسخوں کا مکمل تعارف بھی قارئین کے سامنے رکھا ہے۔  

کتاب کی تقریب رونمائی کی نظامت کے فرائض مولانا محمدعباس شاد نے انجام دیے۔ تقریب کا آغاز مولانا قاری محمداسلم کی تلاوتِ کلامِ پاک کے ساتھ ہوا۔ مولانا قاری محبوب الرحمٰن انور نے نعت النبی ﷺ پیش کی۔ اس کے بعد مولانا ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن (سرپرست ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ لاہور) نے کتاب ”النجوم الساطعة شرح البدور البازغة“ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے شارح کتاب حضرت آزاد رائے پوری کی علمی و تحقیقی کاوشوں کو سراہا اور انھیں امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے علوم و معارف کے حوالے سے کام کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ 
اس کے بعد شارحِ کتاب حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہٗ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کتاب ”البدور البازغة“ کے مضامین کا خلاصہ بیان کیا۔ نیز اس میں کیے گئے تحقیقی کام پر روشنی ڈالی، اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمٰن ، مولانا مفتی عبدالقدیر صاحبان اور دیگر معاونین کا اس علمی کام میں تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔  

تقریبِ رونمائی کا اختتام شارحِ کتاب حضرت رائے پوری مدظلہ کی دعا کے ساتھ ہوا۔ 

یہ کتاب رحیمیہ بک شاپ، 33/A کوئینز روڈ ، شارع فاطمه جناح، لاہور سے رعایتی قیمت پر حاصل کی جاسکتی ہے۔ 

فون نمبرز: 
0092-42-36307714,36369089

رپورٹ: سید نفیس مبارک ہمدانی، لاہور