Category
Fatwa Number
Question
کیا فیشن کے لیے عورتوں کا اپنے سروں کے بال کاٹنا جائز ہے؟
Answer
عورتوں کے لیے ایسی زیب و زینت اختیار کرنا جو محض مصنوعی اور خود ساختہ ہو، شریعت کے مزاج کے خلاف اور فطری ہیئت کو بدلنے کے مترادف ہے۔ اللہ تبارک و تعالی نے لمبے بالوں کو عورتوں کے لیے اس کے وجود کا حسن اور باعثِ زینت بنایا ہے اس لیے عورت کا اپنے سر کے بال کاٹنا اور مردوں سے مشابہت اختیار کرنا ناجائز ہے۔ حدیث شریف میں عورتوں سے مشابہت اختیار کرنے والے مردوں اور مردوں سے مشابہت اختیار کرنے والی عورتوں کے بارے میں رسول اللہ ﷺ لعنت فرمائی ہے:
”لَعَنَ رَسُولُ اللهِ صلى الله عليه وسلم الْمُتَشَبِّهِينَ مِنَ الرِّجَالِ بِالنِّسَاءِ، وَالْمُتَشَبِّهَاتِ مِنَ النِّسَاءِ بِالرِّجَالِ“(1)
(رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں سے مشابہت اختیار کرنے والے مردوں اور مردوں سے مشابہت اختیار کرنے والی عورتوں پر لعنت فرمائی ہے۔)
لہذا فیشن کے طور پر عورتوں کے لیے اپنے سروں کے بال کاٹنا جائز نہیں ہے۔
(1) بخاری، (بیروت، السلطانیہ)، كتاب اللباس، باب المتشبهون بالنساء والمتشبهات بالرجال، 159/7، رقم : 5885
