Category
Fatwa Number
Question
(1) میرے چچا سنی ہیں لیکن ان کی بیوی قادیانی ہے، کیا ان کا نکاح آپس میں درست ہے؟
(2) میرے چچا نے اپنی بیٹی کا رشتہ بھیجا ہے اور چچا نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی سے فرقے کے بارے میں پوچھا تو اس نے کہا ”میں صرف مسلمان ہوں“۔ براہ کرم رہنمائی فرمائیں کہ میں اپنے چچا کی بیٹی کا رشتہ قبول کروں یا نہیں؟
Answer
(1) صورت مسئولہ میں اگر واقعتاً آپ کے چچا کی بیوی کا قادیانی ہونا ثابت ہے (خواہ وہ خود اقرار کرتی ہوں، یا خفیہ مجالس میں اظہار کرتی ہوں، یا ان کا قادیانی ہونا مشہور و معروف ہو) تو ایسی عورت دین اسلام کے مسلمہ بنیادی عقائد (خاص طور پر عقیدہ ختم نبوت) کے منکر ہونے کی وجہ سے دائرہ اسلام سے خارج (کافر) ہے۔ شریعتِ مطہرہ کی رو سے کسی مسلمان مرد کا نکاح کافر خاتون سے سرے سے منعقد ہی نہیں ہوتا، اس لیے آپ کے چچا پر لازم ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اس عورت سے علیحدگی اختیار کریں۔ نیز ماضی میں اس ناجائز تعلق پر اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور اخلاصِ دل سے توبہ و استغفار کریں۔
(2) اگر چچا کی لڑکی اپنے آپ کو مسلمان قرار دیتی ہے تو اس کے بنیادی اسلامی عقائد کی تحقیق کی جائے گی، یعنی اس سے عقیدۂ توحید، رسالت، ختمِ نبوت، آخرت، تقدیر، آسمانی کتابوں اور فرشتوں پر ایمان کے بارے میں دریافت کیا جائے۔ اگر وہ ان تمام بنیادی عقائد پر صحیح ایمان رکھتی ہو تو وہ مسلمان شمار ہوگی، اور اس کا رشتہ قبول کرنا شرعاً جائز ہوگا۔
