گرمی کے سبب مختصر لباس (Shorts) وغیرہ پہننے کا حکم

Category
Rights and Social Etiquette
Fatwa Number
0463
Question

پاکستان کی اس موجودہ گرمی کے پیش نظر اگر مرد اپنے گھر میں (گھر سے باہر نہیں) گھٹنوں سے اوپر مختصر لباس (Shorts) پہنے، جب کہ گھر میں صرف اس کے محرم موجود ہوں، تو کیا ایسا کرنا جائز ہے؟

Answer

مرد کا ستر ناف کے نیچے سے لے کر گھٹنوں سمیت ہے، جس کا محرم اور غیر محرم ہر ایک سے چھپانا شرعاً لازم ہے۔ جو شخص اپنے ستر کو چھپانے کا اہتمام نہیں کرتا (یعنی غیر شرعی عذر کے بغیر اسے کھلا چھوڑتا ہے) اور جو لوگ جان بوجھ کر اس کے ستر کو دیکھتے ہیں، ان دونوں لیے حدیث مبارک میں وعید آئی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

لَعَنَ اللَّهُ النَّاظِرَ وَالْمَنْظُورَ إِلَيْهِ (1)
 ترجمہ : (ستر) دیکھنے والے اور جس کا (ستر) دیکھا جائے اس پر اللہ تعالیٰ کی لعنت ہو۔

لہذا ہر مسلمان کے لیے اپنے ستر کو مکمل طور پر چھپانا لازم ہے اورشریعت کے لازم احکام پر معمولی اور قابلِ برداشت ذاتی مشقت کو ترجیح دینا درست نہیں، خصوصاً جبکہ اس کا متبادل بھی موجود ہو، مثلاً ایسا ہلکا لباس پہننا، جس سے گھٹنے مکمل طور پر ڈھکے رہیں۔ لہذا ایسا مختصر لباس (Shorts) وغیرہ پہننا کہ جس سے گھٹنے یا ستر کا کوئی حصہ کھلا رہے، ناجائز اور باعثِ گناہ ہے۔


(1) مشکوۃ المصابیح، (بیروت، المکتبۃ الاسلامی)، کتاب النکاح، باب النظر الی المخطوبۃ، الفصل الثالث، 236/2، رقم :3125)

Venue
لاہور
Date & Time
Jul 01, 2026 @ 04:32PM
Tags
No Tags Found