جنات کے زیر اثر شخص کی طلاق کا حکم

Category
Nikah & Talaq
Fatwa Number
0319
Question

میں نے چند دن قبل آپ کی ویب سائٹ سے اپنے بھتیجے کی بیوی کے بارے میں طلاق کا فتوی لیا تھا۔ آپ کی خدمت میں اس مسئلہ سے متعلق مزید وضاحت کے لیے عرض ہے کہ میرے بھتیجے کی بہن (میری بھتیجی) پر کسی نے جادو کیا ہوا ہے اور اسے جنات کا اثر ہے اور وہ میرے بھتیجے کی بیوی کی آواز میں بات کرتے ہیں۔ میرا بھتیجا اور اس کی بہن اٹلی میں مقیم ہیں۔ جب کہ بھتیجے کی بیوی پاکستان میں ہے۔ پچھلے دو سال سے جنات تسلسل کے ساتھ میرے بھتیجے کی بیوی کے پاس آتے رہے ہیں۔ وہ جنات بھتیجے کی بیوی کی آواز میں بار بار میرے بھتیجے سے طلاق کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بھتیجے نے جنات سے جان چھڑانے کے لیے اپنی بیوی کو واٹس ایپ وائس میسج پر تین بار بول دیا کہ ”میں تمہیں طلاق دیتا ہوں“۔ اور اس نے جنات کے دباؤ میں آکر ایسا بولا تاکہ اس کی بہن کی سختی دور ہوسکے۔ اب سوال یہ ہے کہ اس کی بیوی کو طلاق ہوئی ہے یا نہیں؟

Answer

جنات کے دباؤ اور ان کے زیر اثر آکر عدم طلاق کا حکم صرف اس صورت میں دیا جاسکتا ہے کہ جب شوہر طلاق دیتے وقت اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھا ہو، اسے اپنے کہنے کرنے اور اچھے برے کی تمیز نہ رہی ہو۔ لیکن واٹس ایپ پر کسی مخصوص کانٹیکٹ کو تلاش کرنا، اسے منتخب کرنا، پھر وائس ریکارڈ کرنا اور اسے باقاعدہ ارسال کرنا ایسے منظم افعال ہیں جو مکمل شعور اور ارادے کے بغیر ممکن نہیں۔ یہ پوری ترتیب اس بات کو واضح کرتی ہے کہ طلاق کا پیغام بھیجتے وقت آپ کا بھتیجا اپنے ہوش و حواس میں تھا اور اسے اپنے کہے اور کیے کا پورا ادراک تھا، لہٰذا ایسی صورت میں تینوں طلاقیں واقع ہوگئی ہیں۔

Venue
Sheikhupura
Date & Time
Apr 06, 2026 @ 12:34PM
Tags
No Tags Found