اسلام قبول کیے بغیر آخرت میں انجام

Category
Faith And Beliefs
Fatwa Number
0168
Question

​اگر ایک شخص اس دنیا میں بہت ایماندار ہو، بھلائی کے کام کرے، کبھی کسی کو نقصان نہ پہنچایا ہو، یعنی ہر وہ عمل کرے، جو دوسروں کے لیے باعثِ خیر ہو، لیکن وہ اسلام قبول نہ کرے، تو ایسے شخص کا آخرت میں کیا حشر ہوگا؟ کیا جنت جانے کے لیے مسلمان ہونا ضروری ہے؟

Answer

جنت میں داخلے کے لیے اسلام لانے کے ساتھ ایمان کا ہونا بھی ناگزیر ہے۔ ایمان کا مطلب یہ ہے کہ قلبی طور پر مسلمان یہ پختہ عزم اور ارادہ کرلے کہ اللہ تعالٰی کے ہر ہر حکم کی پابندی کرے گا۔ اور پھر احکامات الہیہ کے تعمیل اور ان کو غالب کرنے میں ہر طرح کی جسمانی مشقتوں اور مالی قربانی کو دل جمعی کے ساتھ قبول کرے گا۔ لیکن ایک ایسا عمل جو ایمان سے خالی ہو، وہ کچھ نتیجہ پیدا نہیں کرے گا۔ چناں چہ ارشاد باری تعالٰی ہے:
اُولٰٓىٕكَ لَمْ یُؤْمِنُوْا فَاَحْبَطَ اللّٰهُ اَعْمَالَهُمْؕ- وَكَانَ ذٰلِكَ عَلَى اللّٰهِ یَسِیْرًا“ (1)
(وہ لوگ ایمان نہیں لائے تو اللہ نے ان کے تمام اعمال ضائع کردیے اور یہ بات اللہ پر بالکل آسان ہے۔)
اسی طرح کے ایک سوال کے جواب میں مفتی اعظم ہند مولانا مفتی کفایت اللہ دہلوی رحمہ اللہ‫‪‪‪‫‫ رقم طراز ہیں:
کافر کے لیے جنت یا جنت کی بو پہنچنے کی کوئی سبیل نہیں۔ ایمان کے بغیر اعمالِ صالحہ (سخاوت و مداراۃ وغیرہ) بھی جنت تک نہیں پہنچا سکتے۔(2)


(1) 33- الأحزاب:19۔
(2) کفایت المفتی، کتاب الایمان و الکفر، 27/1

Venue
Lahore
Date & Time
Jan 03, 2026 @ 11:57AM
Tags
No Tags Found