Description
مورخہ 6 نومبر 2022ء بروز اتوار ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ کراچی کیمپس کے زیراہتمام ایک عمومی سیمینار بہ عنوان "سیرۃ النبی ﷺ کا رہنما کردار اور ہماری ذمہ داریاں (قومی انتشار اور سماجی زوال کے تناظر میں) منعقد ہوا جس کے مہمانِ خصوصی مسند نشین خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور و ناظم اعلیٰ ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور تھے۔
نظامت کے فرائض جناب وسیم اعجاز نے انجام دیئے اور تلاوت قرآن حکیم کی سعادت مولانا ذوہیب حسن نے حاصل کی۔
واصف ریاض ایڈووکیٹ کی صدارت میں ہونے والے اس سیمینار میں صدر ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ مفتی عبدالمتین نعمانی نے "سیرت النبی ﷺ کا اجمالی تعارف اور ادارہ رحیمیہ کا کردار" کے عنوان پر شرکاء سیمینار کی رہنمائی کرتے ہوئے فرمایا، "آپ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ اس مختصر سے وقت میں اس کا مکمل احاطہ کرنا ناممکن ہے۔ آپ ﷺ کی سیرت کا ہرہر پہلو ہمارے لئے رہنمائی کا باعث ہے۔ آپ ﷺ نے جو جماعت بنائی وہ کن اصولوں پر تھی اس کو سمجھنا چاہئے۔ آپ ﷺ نے سیاسی نظام کن اصولوں پر استوار کیا؟ آپ نے لین دین کا جو معاشی نظام متعارف کرایا اس سے رہنمائی لینا ضروری ہے، اور اس کے اصول و ضوابط آپ کی سیرت سے سمجھنا اس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ادارہ رحیمیہ دراصل سیرتِ مبارکہ ﷺ کے اس اجتماعی تصور کو اجاگر کر رہا ہے۔ اور نوجوانوں میں اجتماعی شعور پیدا کر کے معاشرے کا کارآمد شہری بنا رہا ہے۔"
جناب شان فلک نے ہدیہ عقیدت بحضور ﷺ بصورت نعت مبارکہ پیش کیا۔
سیمینار کے مہمان خصوصی حضرت مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ نے سیمینار میں شریک خواتین و حضرات کی رہنمائی کرتے ہوئے فرمایا، "آپ ﷺ کی کچھ وہ خصوصیات ہیں جو صرف آپ ﷺ کی ذاتِ اقدس تک خاص ہیں۔ لیکن سیرت مبارکہ کے ایسے بے شمار پہلو ہیں جن پر آج بھی ہم عمل کرسکتے ہیں اور ہمیں کرنا بھی چاہیئے۔ ہمیں ان خوبیوں کو سمجھنا اور انہیں اپنی عملی زندگی میں لے کر آنا ہے۔ تمام کتبِ مقدسہ کا بنیادی مقصد قوم کو زوال اور انتشار سے نکال کر عروج کی طرف لے کر جانا ہوتا ہے۔"
مہمان خصوصی نے مزید فرمایا کہ "امام شاہ ولی اللہ دہلوی ؒ نے سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے فرمایا کہ آپ ﷺ کی بعثت کا بنیادی مقصد بین الاقوامی عروج اور ترقی حاصل کرنا ہے۔ آپ ﷺ کے دور میں قیصروکسریٰ اپنی اپنی قوم کے فرعون بنے ہوئے تھے آپ ﷺ نے علم، عدل اور ترقی کے دور کا آغاز کیا سیاسی، معاشی، سماجی اور فکری انتشار سے قریش اور بین الاقوامیت کو نکالا۔"
سیمینار میں حضرت شاہ سعید احمد رائے پوریؒ کے مجازین مولانا محمد مختار حسن صاحب ( ڈائریکٹرایڈمن ادارہ رحیمیہ)، ڈاکٹر لیاقت علی شاہ معصومی ،حاجی محمد بلال بلوچ، مولانا عبداللہ عابد سندھی، مولانا محمد اشرف انڑ، مولانا انورشاہ کے علاوہ انجینئر آفتاب احمد عباسی، حافظ نور دین سومرو نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
مذکورہ سیمینار میں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے استفادہ کیا اور فیڈ بیک فارم کے ذریعے اس کاوش کو سراہا
رپورٹ : حافظ اظہر مسعود صاحب کراچی