
Description
ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) کے زیرِ اہتمام پشاور کیمپس میں فقیہ العصر حضرت اقدس مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی کی آمد کے موقع پر ایک پُروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب 31 اکتوبر بروز جمعہ بعد نمازِ جمعہ دو بج کر 30 منٹ پر منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی تھے، جب کہ ادارہ کے ریکٹر مفتی مختار حسن مدظلہ العالی، ڈائریکٹر انفارمیشن پروفیسر ناصر عبدالعزیز مدظلہ العالی، ڈائریکٹر تعلیم و تربیت ڈاکٹر تاج افسر مدظلہ العالی، اور ڈائریکٹر مالیات شہزاد احمد شاہ صاحب نے بھی شرکت فرمائی۔ تقریب کی صدارت ریجنل منتظم پروفیسر فضل طارق نے کی اور نظامت کے فرائض مولانا خلیل اللہ نے انجام دیے۔
اپنے پُرمغز خطاب میں مہمانِ خصوصی مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری نے فرمایا کہ:
"انسانیت کی جامع کامیابی صرف اس نظام کے ساتھ ممکن ہے جو نورِ نبوت کا حامل ہو، اور وہ نظام صرف دینِ اسلام ہے۔ سوشلزم اور سرمایہ دارانہ نظام محض مادی نظام ہیں جو نورِ نبوت سے خالی ہیں۔ ان نظاموں میں انسان کو بطور انسان نہیں بلکہ حیوانِ معاشی سمجھا جاتا ہے، اسی وجہ سے یہ انسانیت کو حقیقی ترقی دینے میں ناکام رہے۔"
انہوں نے مزید فرمایا کہ:
"نورِ نبوت سے خالی نظاموں کے غلبے کے اس طویل دور میں انسان اپنی اصل شناخت، یعنی انسانی مقام کے حصول کے لیے ترس رہا ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانیت جامع اور ہمہ گیر کامیابی کے لیے نظامِ دین اسلام اور تعلیماتِ نبوی ﷺ سے وابستہ ہو، کیونکہ دینِ اسلام کے بغیر نہ دنیا کو جنت بنایا جا سکتا ہے اور نہ آخرت کی جنت حاصل ہو سکتی ہے۔"
اس موقع پر ادارہ کے تینوں ہال خانقاہِ عالیہ رائے پور کے متعلقین، متوسلین اور ادارہ کے اراکین سے بھرے ہوئے تھے۔
تقریب سے پروفیسر ناصر عبدالعزیز اور مفتی مختار حسن مدظلہما نے بھی خطاب فرمایا۔
رپورٹ: شہاب الدین بنگش، پشاور ڈویژن









