Description
ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ (لاہور) کے زونل پراجیکٹ صوابی کے زیر انتظام 23جون2024 بروز اتوار ایک دعوتی سیمینار ''دین اسلام میں بنیادی انسانی حقوق کا نظام اور عصر حاضر کے تقاضے'' کے عنوان سے ملک پلازہ شیوہ اڈہ صوابی میں منعقد ہوا۔
سیمینار میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی مولانا مفتی محمد مختار حسن (ڈائریکٹرایڈمن ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ لاہور) تھے۔مولانا مفتی محبوب الرحمان صاحب کی زیر صدارت ہونے والے اس سیمینار میں نظامت کی فرائض عدنان خان نے ادا کئے جب کہ تلاوتِ قرآن پاک کی سعادت قاری احمد علی شاہ نے حاصل کی۔
ادارہ رحیمیہ کا تعارف،پس منظر اور بنیادی اہداف کے عنوان سے پروفیسر محمد اقبال صاحب (ڈویژنل کوآرڈینیٹر مردان) نے بیان کرتے ہوئے کہا، "آج اس دور کو ہم جدید دور کہتے ہیں لیکن پھر بھی اکثریت انسانیت بنیادی ضروریات سے محروم ہے۔ ہمارا ملک سیاسی،معاشی اور اجتماعی مسائل کا شکار ہے۔ اس موجودہ زوال سے نکلنے کے لیے آج ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو مایوسی اور بے چینی سے نکال کر مثبت اندازِ فکر اختیار کرنے کی دعوت دی جائے اور ان کو دینِ اسلام کے اجتماعی،سیاسی و معاشی نظام کا شعور دیا جائے۔ ادارہ رحیمیہ کے قیام کا بنیادی مقصد اور ہدف یہی ہے کہ نوجوانوں کو دین اسلام کے اس نظام زندگی پر تربیت دی جائے۔ ادارہ رحیمیہ کے قیام کا بنیادی ہدف نوجوانوں کے مسائل کا درست تعین کر کے حل کے حوالے سے سوچ پر مجبور کرنا ہے۔"
دعوتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مولانا مفتی محمد مختار حسن صاحب نے فرمایا کہ آج یورپ اسلام کے خلاف یہ پروپیگنڈہ کر رہا ہے کہ دینِ اسلام میں انسانی حقوق کا نظام موجود ہی نہیں، اور آج کے نوجوان اس پروپیگنڈے سے مرعوب ہورہے ہیں۔ کیوں کہ اس نوجوانوں کا اسلام کے بطور سسٹم کا مطالعہ بہت کم رہا ہے اور نہ ہی دین اسلام کا بطور نظام حیات سمجھانے کے لیے کوئی پروگرام یا طریقہ کار موجود ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام کے تسلط کی وجہ سے سماج کے اندر دولت اورسرمائے کی قدر زیادہ جب کہ انسان کی قدر نہ ہونے کے برابر ہے اس کے بر عکس دینِ اسلام نے ایک فرد سے لے کر بین الاقوامی سطح تک انسانیت کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا سسٹم اور پروگرام دیا۔ مہمانِ خصوصی نے مذید فرمایا کہ موجودہ مسائل سے نکلنے کا واحد راستہ اور حل انبیاء کرام علیہم السلام کے طریقوں میں ہے اور اس راستےکو سمجھنے اور سیکھنے کے لئے علماءِ حق کا تسلسل موجود ہے جو حضرت الامام شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ سے لے کر حضرت اقدس مولانا شاہ سعید احمد رائپوریؒ تک موجود ہے نوجوانوں کو اس طرف آنا ہوں گا تب ہی ہم اس فرسودہ سرمایہ دارانہ نظام کے بھیانک اثرات سے محفوظ ہوں گے۔"
اس دعوتی سیمینار میں ڈویژنل کوآرڈینیٹر مردان (پروفیسر محمد اقبال)، ممبر ڈویژنل کوآرڈینیشن بورڈ (جناب یاسر حلیم) نے بھی خصوصی طور شرکت کی۔
رپورٹ: شہاب الدین بنگش