Description
مورخہ 26 اگست 2024ء بروز پیر ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کی ہری پور شاخ کے زیر اہتمام سبحان مارکی، سرائے صالح ہری پور میں ایک پُروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار کے مہمان خصوصی ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ لاہور کےناظم اعلٰی و خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور کے صدر نشین حضرت اقدس مفتی شاہ عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی تھے۔ جب کہ مہمانان اعزازی میں ادارہ رحیمیہ کے سرپرست ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمٰن اعوان مدظلہ اور ڈائریکٹر ایڈمن مولانا مفتی محمد مختار حسن مدظلہ بھی شامل تھے۔
اس سیمینار کی صدارت ڈاکٹر عاشق حسین (ڈویژنل صدر) نے کی۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت جناب محمد دانش نے حاصل کی اور ادارہ رحیمیہ کے قیام کے اغراض و مقاصد انجینئر ساجد علی (ریجنل ڈائریکٹر ادارہ رحیمیہ) نے بیان کئے۔
"عصر حاضر میں دین اسلام کی اساس پرسماجی تشکیل نو کی اہمیت اور تقاضے" کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ ”دین اسلام صالح سماج کی تشکیل کے لئے قومی آزادی و خودمختاری، عدل وانصاف، امن و امان کی بلاتفریق فراہمی اور معاشی خوش حالی کے قیام کے لازوال اصول پیش کرتا ہے۔ اس حوالے سے حضور نبی اکرم ﷺ اور جماعتِ صحابہ رضوان اللہ علیھم اجمعین کا قابل قدر کردار ہمارے لئے نمونہ ءِ عمل ہے“۔
دورحاضر کےاجتماعی مسائل کاجائزہ لیتے ہوئے آپ فرمایا کہ ”آج ہمارے زوال کا بنیادی سبب سماجی و اجتماعی نظم ونسق میں ان بنیادی اقدار سے محرومی ہے“۔
آخر میں آپ نے وطن عزیز کے اجتماعی نظام کو دین اسلام کی پیش کردہ ان آفاقی اقدار - آزادی، عدل، امن اور معاشی خوش حالی- پر استوار کرنے کے لئے دین کے جامع نظام حیات کو سیکھنے، سمجھنے اور اس پر اپنے فکروشعور اور اخلاق وکردار کی تعمیر وتشکیل کے لئے نوجوانان قوم اور باشندگانِ وطن کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ ایک بھرپور مثبت، تعمیری اور معتدل علمی وعملی کردار ادا کرنے کی دعوتِ فکروعمل دی۔
سیمینار میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب کے علاوہ نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
رپورٹنگ: سلطان خالد خان ایڈووکیٹ ۔ (ہری پور)