بتاریخ 4 نومبر 2025ء بروز منگل یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، پشاور کے الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ ہال میں ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ پشاور کیمپس کے زیرِ اہتمام ایک پروقار اور معنویت سے بھرپور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ادارہ رحیمیہ کے ناظمِ اعلیٰ، حضرت اقدس مولانا مفتی شاہ عبد الخالق آزاد رائے پوری دامت برکاتہم العالیہ تھے، جب کہ مہمانِ اعزازی کے طور پر حضرت مولانا مفتی محمد مختار حسن صاحب (ریکٹر ادارہ رحیمیہ) نے شرکت فرمائی۔
نشست کی صدارت جناب پروفیسر فضل طارق صاحب (ریجنل منتظمِ وسطی کے پی ریجن) نے فرمائی، جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد داؤد خان نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
اسٹیج پر ان کے ہمراہ ڈاکٹر محمد ناصر عبد العزیز (مرکزی ناظمِ نشر و اشاعت)، جناب واجد اللہ صاحب (ڈویژنل منتظم پشاور) اور ڈاکٹر تاج افسر صاحب (مرکزی ناظم تعلیم و تربیت) بھی موجود تھے۔
🔸 افتتاحی نشست
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولانا قاسم شاہ صاحب نے حاصل کی۔ بعد ازاں ڈاکٹر محمد داؤد خان نے پروگرام کی نظامت سنبھالی اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
ڈاکٹر تاج افسر صاحب نے جامع اور پراثر انداز میں ادارہ رحیمیہ کا تعارف پیش کرتے ہوئےفرمایا،"آج کے دور میں ولی اللہی مشن کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ادارہ رحیمیہ نوجوانوں کی فکری آبیاری اور علمی و عملی استعداد کو بڑھا رہا ہے۔"
🔸 خطابِ خاص
حضرت اقدس مولانا مفتی شاہ عبد الخالق آزاد رائے پوری دامت برکاتہم العالیہ نے
"سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں سماج کی تعمیر و تشکیل اور اہلِ علم و دانش کا کردار"
کے عنوان پر نہایت بصیرت افروز اور علمی خطاب فرمایا۔
آپ نے فرمایا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کا اصل مقصد ظلم، جبر اور انارکی کے خاتمے کے ساتھ ایک عادلانہ اور منصفانہ سماج کا قیام ہے۔
مزید ارشاد فرمایا کہ:
"آج کا نظامِ تعلیم اہلِ علم و دانش تو پیدا کر رہا ہے، مگر ان کی فکری و اخلاقی بصیرت سماج کی تعمیر میں نظر نہیں آتی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اہلِ علم اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور سیرتِ نبوی ﷺ سے رہنمائی لے کر سماجی اصلاح میں اپنا کردار ادا کریں۔"
اسی دوران آپ نے برصغیر کی غلامی کی تاریخی وجوہات پر بھی بصیرت افروز گفتگو فرمائی اور امت کی فکری خودمختاری کے لیے واضح سمت متعین کی۔
تقریب کا اختتام حضرت مفتی شاہ عبد الخالق آزاد رائے پوری دامت برکاتہم العالیہ کی دعا پر ہوا، جس میں ملک و ملت کی سلامتی، نوجوانوں کی فکری بیداری اور ادارہ رحیمیہ کے مشن کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
رپورٹ: شہاب الدین بنگش (پشاور ڈویژن)
1

2

3

4

5

6

7

