تقریبِ رونمائی کتاب "اللمحات"

الحمدللہ ! فلسفہ ولی اللہی کی تفہیم و توضیح کی بنیادی کتاب 
اللمحات مع  النفحات شرح اللمحات
تصنیف: حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ 


تحقیق و تعلیق
حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ 

 

چھپ کر شائع ہوچکی ہے۔ اس کتاب کی تقریبِ رونمائی 5 جمادی الاخری 1443ھ/ 9 جنوری 2022ء بروز اتوار کو ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ لاہور کے السعید بلاک میں منعقد ہوئی، جس میں شارح کتاب حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری، سرپرست ادارہ ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن، صدر ادارہ مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی ، مولانا مفتی محمد مختار حسن اور مولانا مفتی عبدالقدیر کے علاوہ  کثیر تعداد میں ملک بھر سے علماء، پروفیسرز، وکلا، ڈاکٹرز، انجینئرز اور طلباء سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ 

یہ کتاب عربی زبان میں حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی تصنیف ہے۔ پاکستان میں سب سے پہلے یہ کتاب حضرت مولانا غلام مصطفٰی قاسمیؒ  (شاگرد رشید حضرت مولانا عبیداللہ سندھیؒ  ) نے شاہ ولی اللہ اکیڈمی حیدر آباد سندھ  سے شائع کی تھی۔ تقریبا چالیس سال کے بعد اب حضرت مولانا مفتی عبدالخالق آزد رائے پوری مدظلہ کی تحقیق و تعلیق کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔ اس میں ڈاکٹر مفتی سعیدالرحمن (سابق صدر شعبہ علومِ اسلامیہ، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی، ملتان) نے "الکلمات الابتدائیہ" تحریر کیا ہے، جب کہ مولانا مفتی عبدالقدیر (شیخ الحدیث و رئیس جامعہ اشاعت العلوم مرکزی جامع مسجد چشتیاں، ضلع بہاولنگر) نے امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی فلسفے کی اہمیت اور کتاب اللمحات کے امتیازی حیثیت کے حوالے سے ایک جامع تقریظ لکھی ہے۔ نیز شارح کتاب مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ نے اس پر ایک تفصیلی مقدمہ بھی تحریر کیا ہے، جس میں کتاب کا پس منظر، اہمیت اور تفصیلات درج کرتے ہوئے اس کے موضوع و مقصد پر روشنی ڈالی ہے۔ 

یہ کتاب رحیمیہ بک شاپ، 33/A کوئینز روڈ ، شارع فاطمه جناح، لاهور سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ 
فون نمبرز: 
0092-42-36307714,36369089