سماجی تشکیل نو کا حقیقی تصور، سیرت نبویﷺ کی روشنی میں

سماجی تشکیل نو کا حقیقی تصور، سیرت نبویﷺ کی روشنی میں
Description

26ستمبر 2023ء بروز منگل کو ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ )لاہور کیمپس مظفرگڑھ کے زیراہتمام گورنمنٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ کی انتظامیہ کے تعاون سے کالج کے ملٹی پرپز ہال میں "سماجی تشکیل نو کا حقیقی تصور، سیرت نبویﷺ کی روشنی میں" کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی سرپرست ادارہ رحیمیہ  علوم قرآنیہ (ٹرسٹ )لاہور ڈاکٹرمفتی سعید الرحمٰن  تھے۔ ڈاکٹر عامر فرقان (ریجنل کوآرڈینیٹر ادارہ رحیمیہ ملتان کیمپس) نے بطور مہمان اعزاری شرکت کی۔ 
۔
سیمینار کے موضوع پر رہنمائی دیتے ہوئے مہمان خصوصی  نے فرمایا کہ جس محفل میں رسول پاک ﷺکا ذکرمبارک ہو، اس کی اہمیت ہر علم رکھنے والا مسلمان جانتا ہے ، رسول پاکﷺنے ارشاد فرمایا کہ مجھے اعلیٰ اخلاق کی تکمیل کیلئے بھیجا گیاہے۔اخلاق فرد کا محض انفرادی فعل نہیں ہوتابلکہ اخلاق ہمیشہ سماج میں اپنا وجود پیدا کرتاہے ، اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس دنیا میں بھیجے گئے ہر نبی کی طرح ہمارے رسول ﷺ نے بھی معاشرے میں قیام عدل کے مشن کے ساتھ اپنی سماجی زندگی کا آغاز کیا اور اسی وجہ سے بعثت کے بعد اپنی گزشتہ سماجی زندگی کو دلیل کے طورپر پیش بھی کیا۔ نبی پاک  ﷺ جس سماج میں تشریف لائے وہ  بنیادی انسانی مقاصد سے منحرف اور منقسم تھا۔ آپ ﷺنے اس سماج کی نئے سرے سے بنیادی انسانی اخلاق پر تشکیل کے لئے افراد کی تربیت کی ، انہیں صالح اجتماعیت میں ڈھالا اور اس کے ذریعہ مدنی سماج قائم کیا ۔ مہمانِ خصوصی نے مزید فرمایا کہ آج ہماری سوسائٹی طبقات ، فرقوں اور مفادات میں تقسیم ہے اور ملک خطرناک معاشی ، اخلاقی ، سیاسی اور معاشرتی بحرانوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اور اجتماعی فساد نے انفرادی اخلاق و تربیت کی اقدار تباہ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ، آج اس طبقاتی نظام کے خاتمے اور نبوی اخلاقیات کی سربلندی پر مشتمل معاشرے کے قیام کے لئے نبوی حکمت عملی پر ہی اجتماعی جدوجہد بار آور ہوگی۔ 
پروفیسر ڈاکٹر رحمت اللہ ( پرنسپل ،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ) کی زیرِ صدارت ہونے والے اس سیمینار میں نظامت کے فرائض جناب سلمان مجید نے سر انجام دیئے ۔ ادارہ رحیمیہ کا تعارف اور اغراض ومقاصد جناب ڈاکٹر عامر فرقان نے بیان کئے ،پروگرام کا آغاز حافظ محمد ذوالقرنین نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔نعت خوانی کی سعادت حسنین معاویہ نے حاصل کی۔ 
پرنسپل کے صدارتی کلمات اور وائس پرنسپل کی دعا سے سیمینار کی تکمیل ہوئی۔ سیمینار میں اساتذہ کے علاوہ بی ایس کے طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس سیمینار کے انعقاد کے لیے ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ 
رپورٹ:  عبدالروف نایاب, ملتان

Venue
Govt Graduate college Muzaffarghar
Date & Time
Sep 26, 2023 @ 10:00AM