سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں موجودہ سماجی مسائل کا حل

سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں موجودہ سماجی مسائل کا حل
Description

ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ کراچی کیمپس کے زیر انتظام مورخہ 16 اکتوبر 2022ء بروز اتوار بعداز نماز مغرب 07:15 ادارہ رحیمیہ کے سیمینار ہال میں بالخصوص یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء کے لیے دعوتی سیمینار بعنوان "سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں موجودہ سماجی مسائل کا حل" کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت  ڈاکٹر عبدالحمید جاکھیرانی نے کی۔ جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر ملک عابد علی  نے ادا کئے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز اللہ تبارک و تعالیٰ کے بابرکت کلام سے ہوا، حافظ غنی اللہ نے سورۃ الحدید کی آیات تلاوت و ترجمہ پیش کرکے انبیاء کرام علیہم السلام کی بعثت کا مقصد واضح کیا۔ تلاوت کے بعد انجینئر شان فلک نے ایک خوبصورت نظم اپنی پرسوز آواز میں پیش کی۔ ادارہ کے ممبر مرکزی انتظامی کمیٹی انجینئر وسیم اعجاز نے ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ کا تعارف سامعین کے سامنے واضح کیا۔ اس تعارف کے دوران ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ لاہور کا تاریخی پس منظر وکردار اور موجودہ دور میں اس ادارے کی مختلف سرگرمیوں سے شرکاء کو متعارف کروایا۔

سیمینار کے مہمانِ خصوصی، ادارہ رحیمیہ کے ممبر ایڈوائزری بورڈ انجینئر آفتاب احمد عباسی نے سیمینار کے موضوع، '' سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں موجودہ سماجی مسائل کا حل''، پر رہنمائی کرتے ہوئے فرمایا،'' اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سیرت مبارکہ ﷺ کو اس تناظر میں سمجھیں کہ آپ ﷺ نے کس طرح سے سماجی برائیوں کی طرف توجہ دلا کر اٌس وقت کے سرداروں کے خلاف اجتماعی جدوجہد کا شعور بیدار کیا۔ 
کلمہ طیبہ کا صحیح مفہوم اور اس کے ذریعے سے کیا  سماجی اثرات مرتب ہوں گے؟ کس طرح سے سماجی مسائل و چیلنجز سے نکلنے کے لیے رسول اکرم ﷺ نے کون سا راستہ اختیار کیا، جس کے ذریعے سے اُس وقت کے ظالم سرداروں ابو جہل، عتبہ، شیبہ سے نجات حاصل کرکے اخلاقیات پر مبنی سماج قائم کیا گیا۔" 
مہمانِ خصوصی نے اُسوۂ حسنہ کی روشنی میں  معاشرے میں تبدیلی اور اخلاقیات پر سماج قائم کرنے کے لئے انفرادی سے زیادہ اجتماعی جدوجہد پر زور دیا۔ 
اس کے بعد سوالات و جوابات کی نشست میں یونیورسٹیز کےنوجوان طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ جس سے موضوع کےمزید کئی پہلو واضح ہوئے۔
آخر میں ناظم اجلاس نے مہمانوں، طلباء اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور  پروگرام  کے حوالے سے شرکاء نے اپنی قیمتی آراء قلمبند کیں۔

اس طرح سیمینار تقریباً 10 بجے تکمیل پزیر ہوا۔

اس سیمینار میں کراچی یونیورسٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی، اقراء یونیورسٹی کے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

رپورٹ: رانا محمد سلمان، کراچی

Venue
Rahimia institute of quranic sciences Karachi Campus
Date & Time
Oct 16, 2022 @ 06:00PM