Description
کامسیٹس یونیورسٹی (اسلام آباد) وہاڑی کیمپس میں ادارہ رحیمیہ ایجوکیشن زون اور کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی وہاڑی کے اشتراک سے ایک سیمینار بعنوان رمضان المبارک "روحانی تربیت اور معاشرتی اصلاح" مورخہ 29 مارچ 2023ء بوقت 11:30 بجے دن بمقام آڈیٹوریم، کامسیٹس یونیورسٹی، وہاڑی کیمپس منعقد ہوا۔
سیمینار میں ڈاکٹررشید احمد چوہدری (صوبائی کوآرڈینیٹر ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ لاہور) نے بطور مہمان خصوصی شرکت فرمائی۔ صدارت جناب سلیم فاروق شوکت (ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی(اسلام آباد) وہاڑی کیمپس) نے کی ۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز صداقت طلحہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا جب کہ نظامت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر عاصم ظفر نے سرانجام دیئے۔
مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں مذکورہ بالا موضوع پر راہنمائی کرتے ہوئے فرمایا کہ، "آج کی صورتِ حال میں سوال یہ ہے کہ ہم بحیثیت معاشرہ، کامیاب یا آئیڈیل معاشرے کے جانے جاتے ہیں یا ہمارا مقام دنیا میں کچھ اور ہے۔ گزشتہ سال پاکستان سے لاکھوں نوجوان ملک چھوڑگئے۔ کیا ہم نے ایسا معاشرہ بنایا کہ ہم یورپ کے نوجوانوں کو دعوت دیں کہ وہ ہمارے معاشرے کو آئیڈیل بنائے، یا دنیا کو دعوت دیں کہ اس جیسا معاشرہ قائم کریں؟"
انہوں نے مزید فرمایا،"اللہ تعالیٰ نے انسانوں میں حیوانات میں امتیاز رکھا ہے۔ اور وہ یہ ہے کہ جانوروں میں عقل وشعور نہیں جب کہ انسان کو عقل وشعور کی نعمت دی دی گئی ہے۔ اللہ نے اس کی عقل و شعور کو ترقی دینے کے لیے قرآن حکیم کی صورت میں پروگرام دیا۔ جو رمضان المبارک میں نازل ہوا۔ قرآن پاک انسانوں کی ہدایت کا ذریعہ ہے۔ دنیا کہ 8 ارب انسانوں کا پروگرام ہے کسی ایک نسل، کسی ایک فرقے یا فرد کا نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں سورۃ فاتحہ میں دوطبقوں کا فرمایا کہ ایک انعام یافتہ اور دوسرا مغضوب ہوا۔ ہر انسان کامیاب لوگوں کے راستے پرچلتاہے۔ کوئی بھی عقل مند انسان ناکام لوگوں کےراستے کو اختیار نہیں کرتا۔ انسان دوچیزوں کا مرکب ہے ایک جسم دوسرا روح ۔ اگر اس کے جسم کو بھوک محسوس ہوئی تو اس نے کچھ کھالیا۔ لیکن روح کی غذا کیاہے؟ اسے کیسے طاقت اور قوت دی جائے؟ اس کے لیے عبادات کا نظام ہے۔ یہ عبادات دراصل انسان کو مہذب بنانے کا ایک مکمل تربیتی نظام ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ صبر کا مہینہ ہے۔ اسے ہمدردی و غم خواری کا مہینہ قرار دیاگیا۔"
"رمضان المبارک انسان کو ایک مشقت کے عمل سے گزارتا ہے جس سے اللہ کے راستے میں جدوجہد کا جذبہ پیدا ہوتاہے۔ معاشرہ کو اعلیٰ انسانی اقدار پر قائم کرنے کی صلاحیت پیداہوتی ہے۔ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ نے انسان کی نفلی عبادات کا ثواب فرض کے برابر کردیا اور فرض کا ثواب ستر گنا بڑھ جاتاہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم رمضان المبارک کے اس پیغام کے پیشِ نظر اپنی معاشرتی ذمہ داریوں کا احساس پیدا کریں۔"
اس سیمینار میں یونیورسٹی کے پروفیسرز صاحبان اور طلباء وطالبات نے بھرپور شرکت کی اور موضوع کو بڑی دل جمعی کے ساتھ سنا۔ پروگرام کے اختتام پر ڈائریکٹر یونیورسٹی جناب سلیم فاروق شوکت نے جناب ڈاکٹر رشید احمد چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کی جانب سے ان کو شیلڈ پیش کی۔
رپورٹ: عبدالروف، ملتان ریجن