کامسیٹس یونیورسٹی (اسلام آباد) وہاڑی کیمپس میں ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ لاہوراورکریکٹر بلڈنگ سوسائٹی وہاڑی کے اشتراک سے ایک سیمینار بعنوان "رمضان المبارک؛ روحانی تربیت اور معاشرتی اصلاح" مورخہ29مارچ 2023ء بوقت 11:30بجے دن بمقام آڈیٹوریم، کامسیٹس یونیورسٹی، وہاڑی کیمپس منعقد ہوا جس میں ڈاکٹررشید احمد چوہدری (صوبائی ڈپٹی کوآرڈینیٹرادارہ رحیمیہ) نے بطور مہمان خصوصی شرکت فرمائی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز صداقت طلحہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا جب کہ نظامت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر عاصم ظفر نے سرانجام دیئے۔
سلیم فاروق شوکت (ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی(اسلام آباد) وہاڑی کیمپس) کی صدارت میں ہونے والے اس سیمینار میں ڈاکٹررشید احمد چوہدری نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ، "آج کے حالات میں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کیا آج ہم بحیثیت معاشرہ، کامیاب یا آئیڈیل معاشرے کے جانے جاتے ہیں یا ہمارا مقام دنیا میں کچھ اور ہے؟ گذشتہ سال پاکستان سے لاکھوں نوجوان ملک چھوڑگئے۔ کیا ہم نے ایسا معاشرہ بنایا کہ ہم یورپ کے نوجوان کو دعوت دیں کہ وہ ہمارے معاشرے کو آئیڈیل سمجھے؟ یا دنیا کو دعوت دیں کہ اس جیسا معاشرہ قائم کریں؟
سوچنے والی بات یہ ہے کہ انسان کو کیا چیز حیوانوں سے ممتاز کرتی ہے۔ جانوروں میں عقل وشعور نہیں جب کہ انسان میں عقل وشعور ہے جو اسے ممتاز کرتاہے۔اللہ تعالیٰ نے اس کی عقل و شعور کو ترقی دینے کے لیے قرآن حکیم کی صورت میں زندگی گزارنے کا مکمل پروگرام دیا ہے۔ جو رمضان المبارک میں نازل ہوا۔ قرآن پاک انسانوں کی ہدایت کا ذریعہ ہے۔ دنیا کہ 8ارب انسانوں کا پروگرام ہے کسی ایک نسل، کسی ایک فرقے یا فرد کا نہیں۔ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں سورۃ فاتحہ میں دوطبقات کا ذکر فرمایا ہے کہ ایک انعام یافتہ اور دوسرا مغضوب ہوا۔ ہر انسان کامیاب لوگوں کے راستہ پرچلتاہے۔ کوئی بھی عقل مند انسان ناکام لوگوں کےراستے کو اختیار نہیں کرتا۔"
مہمانِ خصوصی نے مزید فرمایا کہ، "انسان دوچیزوں کا مرکب ہے ایک جسم دوسرا روح ۔ اس کے جسم کو بھوک محسوس ہوئی تو اس نے کچھ کھالیا۔ روح کی غذا کیاہے؟ اسے کیسے طاقت اور قوت دی جائے؟اس کے لیے عبادات کا نظام ہے۔ یہ عبادات دراصل انسان کو مہذب بنانے کا ایک مکمل تربیتی نظام ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ صبر کا مہینہ ہے۔ اسے ہم دردی و غم خواری کا مہینہ قرار دیاگیا۔ رمضان انسان ایک مشقت کے عمل سے گزرتا ہے جس سے اللہ کے راستے میں جدوجہد کا جذبہ پیدا ہوتاہے۔ معاشرہ کو اعلیٰ انسانی اقدار پر قائم کرنے کی صلاحیت پیداہوتی ہے۔ رمضان المبارک میں اللہ تعالی نے انسان کی نفلی عبادات کا ثواب فرض کے برابر کردیا۔ فرض کا ثواب ستر گنا بڑھ جاتاہے۔ علم حاصل کرنا فرض ہے اس مہینے میں ایک طالب علم جو علم حاصل کرتاہے ۔ والدین سے حسن سلوک کاحکم ہے،اہل خانہ کے حقوق ادا کرنے کا حکم ہے تو ماہ رمضان میں ان سب کا ثواب 70گنا زیادہ ہوجاتاہے۔
پروگرام میں یونیورسٹی کے پروفیسرز صاحبان اور طلباء وطالبات نے بھرپور شرکت فرمائی اور موضوع کو بڑی دلجمعی کے ساتھ سنا۔ پروگرام کے اختتام پر ڈائریکٹر یونیورسٹی جناب سلیم فاروق شوکت نے جناب ڈاکٹر رشید احمد چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور ان کو شیلڈ سے نواز۔
عبدالروف، ناظم نشریات ملتان ریجن