سیاسی سماجی معاشی چیلنجز اور نوجوانوں کی ذمہ داریاں

ادارہ رحیمیہ علوم قرانیہ ٹرسٹ لاہور اور بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے باہمی اشتراک سے ایک شعوری سیمینار مورخہ 13 فروری 2025ء بروز جمعرات منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا موضوع "سیاسی سماجی معاشی چیلنجز اور نوجوانوں کی ذمہ داریاں" تھا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی صدر ادارہ رحیمیہ مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب اور مہمانِ اعزازی پروفیسر امجد علی آرائیں تھے۔ صدارت اسسٹنٹ پروفیسر مذکورہ یونیورسٹی جناب عبدالرحیم شر صاحب نے فرمائی۔
اس سیمینار میں محترم پروفیسر امجد علی آرائیں (صوبائی کوآرڈینیٹر ادارہ رحیمیہ) نے ادارے کا تعارف پیش کیا۔ اور مہمان خصوصی مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سوسائٹی میں تبدیلی کے لیے نوجوان ہی کو آگے بڑھ کر اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہیں سوسائٹی کے سیاسی، سماجی اور معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے جس طرح جماعتِ صحابہ نے اپنے دور میں ان چیلنجز کا مقابلہ کیا اور وقت کے ظالم نظام کا مقابلہ کر کے سوسائٹی میں عدل انصاف کو غالب کیا۔
اس سیمینار میں مختلف شعبہ جات کے طلباء کے ساتھ فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ سیمینار کی تکمیل کے بعد صدر ادارہ رحیمیہ مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب کی طرف سے محترم مظہر علی (چیئرمین کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ) کو حضرت اقدس مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری (ناظم اعلیٰ ادارہ رحیمیہ) کی تحریر کردہ اور رحیمیہ مطبوعات کی طرف سے شائع شدہ کتاب "مقالاتِ معیشت" بھی تحفتاً پیش کی گئی۔
 اس سیمینار کو یونیورسٹی میں کافی پذیرائی ملی اس طرح کے سیمینار یونیورسٹی میں پہلے بھی 2019ء اور2022ء میں بھی منعقد کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹ: عبدالمجید۔ لیاری(کراچی)